Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ہند کبھی او آئی سی کا ممبر نہیں بن سکتا،شاہ محمود

اسلام آباد....وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہاہے کہ پاکستان کا موقف واضح ہے۔ ہند کبھی او آئی سی کا ممبر نہیں بن سکتا۔اگر مسلم آبادی کی بنا پر ہند کو ممبر شپ ملی تو پھر اسرائیل بھی او آئی سی کی ممبر شپ کا امیدوار ہوجائےگا ۔پیر کو قومی اسمبلی میں پالیسی بیان دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ کی متفقہ قرارداد کے نتیجہ میں او آئی سی نے پاکستان کے حق اور ہند کے خلاف قراردادیں پاس کی ہیں۔ او آئی سی کے اجلاس میں جن کو شرکت کی دعوت دی گئی تھی وہ وہاں جا کر کچھ حاصل نہیں کر سکے جبکہ ہم نے نہ جا کر بھی سب کچھ حاصل کر لیا ۔او آئی سی کی ان قراردادوں میں ایوان کے پورے موقف کی وضاحت موجود ہے۔ انہوں نے کہا کہ طویل عرصے سے کوشش ہو رہی ہے کہ ہندوستان مسلمانوں کے نام پر او آئی سی کا ممبر یا مبصر بن جائے لیکن ایسا نہیں ہو سکتا۔ کیا اسرائیل اور میانمار میں مسلمان نہیں ہیں؟۔ اگر یہ ملک او آئی سی کے ممبر نہیں بن سکتے تو ہند بھی کسی صورت او آئی سی کا ممبر نہیں بن سکتا۔ یہ ایوان کا متفقہ فیصلہ تھا۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ ہندوستان کو او آئی سی کی جانب سے کشمیر میں ہندوستانی مظالم بے نقاب کرنے پر تکلیف ہوتی ہے۔ او آئی سی کی حالیہ قراردادوں سے ہندوستانی مظالم بے نقاب ہوئے ہیں۔ ہندوستان میں سشما سوراج سے پوچھا جا رہا ہے کہ اگر او آئی سی کے اجلاس میں یہی قراردادیں منظور ہونا تھیں تو وہ ابو ظبی کیا لینے گئی تھیں۔ 

شیئر: