اسلام آباد... کالعدم تنظیموں کے زیرانتظام مساجد،مدارس اور فلا حی اداروں کا کنٹرول حکومت نے سنبھال لیا۔ذرائع نے بتایا کہ اسلام آباد کے مختلف علاقوں میں3 مساجد اور 2 مدارس کو تحویل میں لے لیا گیا۔ محکمہ اوقاف نے مساجد کے نئے امام اور خطیب بھی مقرر کرد ئیے۔ قانون نافذ کرنے والے اداروں نے متعدد افراد کو بھی حراست میں لیا ہے۔ راولپنڈی میں کالعدم تنظیم کےخلاف کارروائی میں کالعدم تنظیم کا اسپتال اور 2 ڈسپنسریوں کو سیل کردیا گیا۔سندھ حکومت نے بھی کالعدم تنظیموں کے تحت چلنے والی مساجد، مدرسے اور فلاحی ادارے کنٹرول میں لے لئے۔اب یہ تمام ادارے حکومت سندھ کی نگرانی میں چلائے جائیں گے۔ ضلع کی سطح پر کمیٹیاں تشکیل دی جا رہی ہیں۔ ان تمام اداروں کی فنڈنگ بھی حکومت کرے گی۔پنجاب میں بھی تمام ادارے حکومت کی تحویل میں لئے گئے ہیں۔ لاہور میں کالعدم تنظیم کے مرکز کے باہر پولیس اہلکار تعینات ہیں۔بلوچستان حکومت نے بھی کالعدم تنظیموں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے جماعت الدعوہ اور فلاح انسانیت فاونڈیشن کے مختلف اثاثوں کو اپنی تحویل میں لے لیا ۔