غزہ سے آخری یرغمالی ران گویلی کی باقیات نکال لی گئیں:اسرائیلی فوج
اسرائیلی فوج نے کہا کہ پولیس افسر ران گویلی کی باقیات کی شناخت کر لی گئی ہے (فائل فوٹو: روئٹرز
اسرائیلی فوج نے بتایا ہے کہ اس نے غزہ میں موجود آخری یرغمالی کی باقیات نکال لی ہیں۔
یہ اقدام امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے غزہ جنگ ختم کرنے کے منصوبے کے پہلے مرحلے کی ایک اہم شرط کی تکمیل ہے۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق اسرائیلی فوج نے پیر کو ایک بیان میں کہا کہ پولیس افسر ران گویلی کی باقیات کی شناخت کر لی گئی ہے اور انہیں تدفین کے لیے واپس لایا جائے گا۔
اسرائیل کا کہنا ہے کہ گویلی کی باقیات کی واپسی یا ان کی تلاش کا آپریشن مکمل ہوتے ہی وہ مصر کے ساتھ غزہ کی اہم ترین گزرگاہ، رفح بارڈر کراسنگ کو دوبارہ کھول دے گا۔
گویلی سات اکتوبر 2023 کو جنوبی اسرائیل پر حماس کے حملے کے دوران کبٹز الموم میں ہلاک ہوئے تھے، تب سے ان کی میت غزہ میں تھی۔
علاقائی طاقتوں اور صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے دباؤ پر حماس اور اسرائیل اکتوبر میں جنگ بندی پر راضی ہوئے تھے۔
صدر ٹرمپ نے اس معاہدے کو ’مضبوط، پائیدار اور دائمی امن‘ کی جانب پہلا قدم قرار دیا تھا۔
