Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سیاحتی شعبے میں کارکنوں کی تعداد 10 لاکھ تک پہنچ جائے گی: احمد الخطیب

عالمی سطح پر سیاحتی شعبہ 10 فیصد ملازمتوں کی نمائندگی کرتا ہے (فوٹو: ایس پی اے)
سعودی وزیرسیاحت احمد الخطیب نے کہا ہے کہ’ وژن 2030 قومی معیشت کو متنوع بنانے میں ٹرننگ پوائنٹ ثابت ہوا ہے۔ مملکت تیل، گیس اور پیٹروکیمیکل سے ہٹ کر سیاحت، ثقافت اور تفریح جیسے امید افزا شعبوں کو شروع کرچکی ہے۔‘
سعودی خبررساں ایحنسی ’ایس پی اے ‘ کے مطابق وہ ریاض میں گلوبل لیبر مارکیٹ کانفرنس کے ایک ڈائیلاگ سیشن سے خطاب کررہے تھے جس میں 100 ملکوں کے 40 وزرا ، 200 سے زائد سپیکرز موجود تھے جبکہ شرکاء کی تعداد 10 ہزار ہے۔
سعودی وزیر سیاحت نے مزید کہا’ عالمی سطح پر سیاحتی شعبہ 10 فیصد ملازمتوں کی نمائندگی کرتا ہے، اقوام متحدہ کی سیاحتی ایجنسی کے مطابق اس شعبے میں دیگر سیکٹرز کے مقابلے میں ملازمتوں کے مواقع بھی زیادہ ہیں۔‘
احمد الخطیب نے کہا ’فطری اعتبار سے سیاحت کا شعبہ بڑا جامع ہے، جس میں خواتین کا حصہ 45 فیصد کے قریب ہے اس کے علاوہ نوجوانوں کے لے بھی  پرکشش ہے۔‘
انہوں نے واضح کیا ’بحیرہ الاحمر اور قدیہ منصوبوں سمیت نئے سیاحتی علاقوں کو ترقی دینے کے لیے انسانی وسائل کی ضرورت ہے جس کے لیے وزارت ایک ریگولیٹری ادارے کے طورپر کام کرتی ہے۔‘
’سیاحتی شعبے سے وابستہ کارکنوں کی تعداد 7 لاکھ 50 ہزار تک پہنچ چکی ہے جو سالِ رواں کے اختتام تک دس لاکھ سے تجاوز کر جائے گی۔ اس شعبے میں مزید 2 لاکھ 50 ہزار نئی اسامیاں سامنے آئیں گی۔‘
انہوں نے کہا ’سیاحت بے روزگاری کی شرح کو کم کرنے کے حوالے سے سب سے زیادہ موثر شعبوں میں سے ایک ہے۔‘

 

شیئر: