Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

عمران خان اور ایرانی صدر کا ٹیلی فونک رابطہ

اسلام آباد....وزیراعظم عمران خان اور ایرانی صدر حسن روحانی کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ ہو اہے۔ خطے کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔دہشت گردی سے نمٹنے کےلئے انٹیلی جنس ایجنسیز میں قریبی تعاون پر اتفاق کیا گیا۔دونوں رہنماوں نے دوطرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔ عمران خان نے ایرانی صدر کو پاک ،ہند حالیہ کشیدگی سے متعلق امور پر اعتماد میں لیا اور کہا کہ پاکستان مذاکرات کے ذریعے کشیدگی کے خاتمے کیلئے بھرپور کوشش کر رہا ہے۔انہوں نے کہاکہ موجودہ حالات میں پاکستان اورہند کے درمیان حالات بہتر بنانے میں برادرملک ایران کا کردار اہم ہے۔عمران خان نے دہشت گرد حملے میں 27 ایرانی گارڈز کی ہلاکت پر افسوس کا اظہار کیا۔ ایرانی قیادت کی طرف سے کشمیری عوام کی اصولی حمایت پر شکریہ ادا کیا۔ اس موقع پر ایرانی صدر نے کہا کہ پاکستان اور ایران پڑوسی اور برادر اسلامی ممالک ہیں۔ جو قریبی تاریخی ثقافتی اور عوامی رشتوں میں بندھے ہوئے ہیں۔خطے میں امن اور اقتصادی ترقی کے فروغ میں دونوں ملکوں کاکردار مرکزی اہمیت کا حامل رہے گا۔عمران خان نے کہا کہ دہشت گردی کے خاتمے کےلئے دونوں ملکوں کے انٹیلی جنس ادارے ایک دوسرے کی مدد کریں گے۔عمران خان کا ایرانی صدر سے بات چیت اہم علاقائی ممالک اور انکی قیادت کو خطے کی صورتحال کے بارے میں آگاہ کرنے کیلئے کئے جانے والے رابطوں کا حصہ ہے۔

شیئر: