Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے ٹیکس نیٹ کو بڑھانے کا فیصلہ، اسد عمر

 اعظم خان 
پاکستان کے وزیرخزانہ اسد عمر نے کہا ہے کہ حکومت جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے ٹیکس اہداف کو بہتر بنائے گی اور اس مقصد کے حصول کیلئے حکومت نیشنل ڈیٹا بیس اتھارٹی (نادرا) کے ڈیٹا پول کو استعمال میں لانے کا فیصلہ کیا ہے۔
بدھ کو لیڈرز از اسلام آباد بزنس سمٹ سے خطاب میں وزیر خزانہ اسد عمر نے کہا کہ حکومت کو نادرا کے ساتھ رجسٹرڈ افراد کا ڈیٹا آئندہ ماہ تک دستیاب ہوجائے گا اور اس وقت وزارت خزانہ ٹیکس اہداف کے حصول کےلئے کوشاں ہے۔
تاہم اس موقع پر وزیر خزانہ نے واضح نہیں کیا کہ ٹیکس نیٹ بڑھانے کے لئے جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کیسے کیا جائے اور کیا طریقہ کار اختیار کیا جائے گا۔ 
اس 2 روزہ سمٹ میں 25 ممالک سے 60 وفود شریک ہیں۔ شرکا نے جدید دور میں بزنس کے بہترین ماڈلز پر اظہار خیال کیا۔
 کانفرنس میں شریک روسی وزیراعظم کے مشیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی اینڈ ڈیجیٹل میڈیا، الیگزینڈر شلجننے اردو نیوز کو بتایا کہ دنیا کی 60 فیصد آبادی اس وقت ڈیجیٹل میڈیا پر ہے۔
 انہوں نے کہاکہ ہمیں ٹیکنالوجی کے استعمال کا عقلمندانہ فیصلہ کرنا ہوگا۔ ایئرلائنز، چھوٹی صنعت اور اور اسمارٹ سٹیز کو ڈیٹا درکار ہوتا ہے، ٹیکنالوجی مستقبل ہے ، پاکستان اس سے فائدہ اٹھا سکتا ہے۔
کانفرنس کے منتظمین اور اس میں شریک کمپنیوں کے نمائندوں کا کہنا تھا کہ یہ کانفرنس دنیا بھر میں پاکستان کے تاثر کو بہتر کرے گی۔ جب مختلف ممالک کے وفود واپس اپنے اپنے ممالک کو جائیں گے تو پاکستان کی مارکیٹ کے بارے میں آگاہی دیں گے، جس سے ملک میں سرمایہ کاری بڑھے گی۔ 
اس کانفرنس سے پاکستانی وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی اور وزیر اعظم عمران خان کے مشیر برائے تجارت رزاق داﺅد نے بھی خطاب کیا۔

شیئر: