خیبر پختونخوا میں دہشت گردی اور سیاست کا گٹھ جوڑ موجود ہے: عطا تارڑ
اتوار 30 نومبر 2025 12:32
وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ صوبہ خیبر پختونخوا میں دہشت گردی اور سیاست کا گٹھ جوڑ موجود ہے اور آج بھی افغان طالبان کی حمایت میں بیانات دیے جا رہے ہیں۔
اتوار کو لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ ’گزشتہ چند روز سے ملک میں افواہیں پھیلانے کا سلسلہ جاری ہے، پی ٹی آئی کا ملک دشمن عناصر کے ساتھ گٹھ جوڑ کھل کرسامنے آ رہا ہے، کے پی صوبائی حکومت کی کوتاہیوں کی وجہ سے دہشت گرد یہاں آتے ہیں۔‘
انہوں نے دعویٰ کیا کہ پی ٹی آئی کے تمام سوشل میڈیا اکاؤنٹس انڈیا اور افغانستان سے آپریٹ ہو رہے ہیں۔
’آپ انڈیا اور افغانستان سے مہم چلوا رہے ہیں اور اس طرح خود بےنقاب ہو رہے ہیں۔‘
انہوں نے الزام عائد کیا کہ خیبرپختونخوا کی قیادت کا بھی منشیات فروشوں کے ساتھ تعلق ہے۔
’صوبے میں کئی مافیاز کام کر رہے ہیں، آپ کی حکومت ڈرگ ٹریفکنگ کو فروغ دے رہی ہے۔ خیبرپختونخوا میں بہت بڑا ڈرگ کارٹیل موجود ہے اور منشیات کا پیسہ دہشت گردی میں استعمال ہو رہا ہے۔‘
انہوں نے کہا کہ ’ایک ملک کی سرزمین ہمارے خلاف استعمال ہوئی اس سے محبت سمجھ نہیں آتی۔ آج بھی افغان طالبان کی حمایت میں بیانات دیے جا رہے ہیں۔ دہشت گردی کے خلاف مذمت کا ایک بیان بھی نہیں دیا جاتا۔‘
عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ ’خیبر پختونخوامیں ہزاروں کی تعداد میں نان کسٹم پیڈ گاڑیاں چل رہی ہیں۔ نان کسٹم پیڈ گاڑیوں کے خلاف صوبائی حکومت نے کارروائی کرنی ہے۔ برسراقتدار لوگوں کی جیبیں بھری جاتی ہیں اوروہ دہشتگردوں کو چھت فراہم کرتے ہیں۔‘
تحریک انصاف کے بانی عمران خان سے اُن کی بہنوں اور پی ٹی آئی رہنماؤں کی ملاقات کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ ’لاء اینڈ آرڈر کی صورتحال پیدا کر کے کبھی ملاقات نہیں ہو سکتی۔‘
انہوں نے یہ بھی کہا کہ عمران خان کی تینوں بہنیں نو مئی کو کورکمانڈر ہاؤس میں موجود تھیں، ان کی موجودگی ثابت ہے۔ وہ نو مئی کو کور کمانڈر ہاؤس جتھوں کو لے کر گئیں۔‘
