چیف آف ڈیفنس فورسز کی تقرری کا عمل شروع ہو چکا، قیاس آرائیاں بلاجواز: وزیر دفاع
اتوار 30 نومبر 2025 17:00
پاکستان کے وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ چیف آف ڈیفنس فورسز (سی ڈی ایف) فورسز کی تقرری سے متعلق غیرضروری اور غیرذمہ دارانہ قیاس آرائیاں بلاجواز پھیلائی جا رہی ہیں۔
اتوار کو سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ایکس پر ایک پیغام میں خواجہ آصف نے کہا کہ ’اس حوالے سے یہ واضح کیا جاتا ہے کہ تقرری کا باقاعدہ عمل پہلے ہی شروع ہو چکا ہے۔ وزیراعظم پاکستان جلد واپس وطن پہنچ رہے ہیں، اور ان کی واپسی کے بعد چیف آف ڈیفنس فورسز کا نوٹیفکیشن مقررہ وقت پر جاری کر دیا جائے گا۔‘
ان کا مزید کہنا تھا کہ ’اس معاملے پر قیاس آرائیوں یا بے بنیاد تبصروں کی کوئی گنجائش نہیں۔‘
خیال رہے کہ وزیراعظم شہباز شریف اس وقت برطانیہ میں موجود ہیں۔
چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا فوج سے 27 نومبر کو ریٹائر ہو گئے ہیں۔ وہ فوج کے آخری چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی تھے کیونکہ 27ویں آئینی ترمیم کے تحت اب یہ عہدہ ختم کر دیا گیا ہے۔اور اس کی جگہ ایک نیا عہدہ چیف آف ڈیفنس فورسز کا متعارف کرا گیا ہے جس پر بری فوج کے سربراہ ہی فائز ہوں گے۔
یہ خیال کیا جا رہا تھا کہ 27 نومبر کے بعد عاصم منیر کے پاس چیف آف ڈیفنس فورسز کے عہدے کا اضافی چارج بھی ہو گا۔ تاہم ابھی تک وفاقی حکومت نے ابھی تک اس متعلق باقاعدہ نوٹیفیکیشن جاری نہیں کیا ہے۔ اور اس کی تصدیق وزیر دفاع نے بھی کر دی ہے۔