Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

شیخ رشید کی طالبات سے غیر سیاسی باتیں

راولپنڈی...وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے طالبات کو موبائل فون کم استعمال کرنے اور رات کو جلدی سونے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ اگر ان کا بس چلے تو اسمارٹ فون ہی بند کرادوں۔ویمن کالج راولپنڈی میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شیخ رشید نے دعویٰ کیا کہ راولپنڈی خواتین کی تعلیم میں سب آگے ہے۔ لڑکے نالائق ہیں پڑھتے ہی نہیں۔ یہی وجہ ہے کہ لڑکے کو 450 اور لڑکی کو 700 نمبر پر داخلہ ملتا ہے۔انہوں نے بتایا کہ مجھے سیاسی زندگی میں جتنے پلاٹ ملے سب پر درس گاہیں بنائی ہیں۔ میری اس کالج سے بھی بہت سی یادیں وابستہ ہیں۔وزیر ریلوے نے کہاکہ سرسید روڈ پر خواتین کالج کا ٹھیکہ دے دیا ۔پولیس لائن کو شفٹ کرکے اس کی جگہ یونیورسٹی بنانا چاہتا ہوں۔ شہر میں نرسنگ کالج اور اسپتال بنوا رہا ہوں۔ انہوں نے پیشکش کی اگر کالج یونیورسٹی بن گیا تو لال حویلی کو بھی اس کا کیمپس بنا لیں۔وزیر ریلوے نے اپنے سوشل میڈیا کے استعمال سے بھی طالبات کو آگاہ کیا اور بتایا کہ وزیراعظم عمران خان مجھے کہتے ہیں کہ میرے 5 لاکھ فالوورز ہیں تاہم انہیں بتایا کہ میں نے تو آج تک ٹو ئٹ ہی نہیں کی۔شیخ رشید نے اپنی ڈگری اصل ہونے کا بھی دعویٰ کرتے ہوئے کہا کہ کئی سیاستدانوں کی جعلی ڈگری سامنے آئی لیکن مجھ پر آج تک کسی نے جعلی ڈگری ہونے کا الزام نہیں لگایا کیونکہ میری ڈگری بی اے میں کمپارٹ تھی جس کے نتیجے میں کمپارٹ ہوتی ہے اس کی ڈگری پر شک نہیں ہوتا۔

شیئر: