Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’جہاز تیار کر کے اسے اڑانے پر 3 ہزار جرمانہ‘

 
اے وحید مراد
پاکستان کے صوبہ پنجاب کے ضلع پاکپتن کی مقامی عدالت نے دیسی ساختہ جہاز بنا کربغیر اجازت اڑانے والے نوجوان پر 3ہزار روپے جرمانہ عائد کرتے ہوئے رہا کرنے کاحکم دے دیا۔ 
یاد رہے کہ محمد فیاض نے اتوار کو عارف والا میں اپنے تیار کردہ دیسی ساختہ جہاز کو زرعی زمین سے اڑانے کی کوشش کی تھی ۔ مقامی لوگوں کی بڑی تعداد یہ منظر دیکھنے کے لئے موجود تھی ،اطلاع ملتے ہی پولیس نے موقع پر پہنچ کر فیاض کو حراست میں لے لیا اور جہاز کو بھی قبضے میںلے لیا۔ 
پیر کو رنگ شاہ پولیس نے 32سالہ ملزم کو عارف والا کی مقامی عدالت میں پیش کیا اور ملزم کو14روزکے لئے جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیجنے کی استدعا کی تاہم عدالت نے محمد فیاض کو 3 ہزار روپے جرمانہ کی سزا سنادی ۔ جرمانے کی ادائیگی کے بعد عدالت نے فیاض کو رہا کر کے مقدمہ ختم کرنے کا حکم دے دیا۔ 
اردو نیوز سے بات کرتے ہوئے تحصیل عارف والا کے تھانہ رنگ شاہ پولیس سٹیشن کے انسپکٹر بشیر احمد نے بتایا کہ ملزم کے خلاف ضابطہ فوجداری کی تین دفعات 285, 286اور 287کے تحت مقدمہ درج کیا گیاتھا۔ یہ دفعات مشینری کے استعمال میں غفلت سے متعلق ہیں ۔ 
ایس ایچ او بشیر احمد سے نوجوان کو حراست میں لئے جانے کی وجہ پوچھی گئی تو ان کا کہناتھا کہ ’لڑکے کو اس لئے حراست میں لیا گیا تھاکہ جہازکے گرنے کی صورت میں جان جانے کا خدشہ تھا، اگر اس کا جہاز کسی پر گرتا تو اس کی بھی جان جا سکتی تھی۔‘ 
انہوں نے بتایا کہ ملزم محمد فیاض نے سول ایوی ایشن سے اجازت لئے بغیر ’مقامی لوگوں کو جمع کرکے جہاز اڑانے کی کوشش کی جو خطرناک ہوسکتی تھی۔‘

شیئر: