Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستان360ہندوستانی قیدیوں کو رہا کرے گا

 
  اسلام آباد...پاکستان نے 360 ہندوستانی قیدیوں کی رہا ئی کا اعلان کیا ہے ۔ 
ترجمان دفتر خارجہ نے ہفتہ وار بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ 8 اپریل کو 100 ، 15 اپریل کو 100 ، 22 اپریل کو 100 اور 29 اپریل کو 60ہندوستانی قیدیوں کو رہا کیا جائے گا۔ رہا کئے جانے والے قیدیوں میں 355 ماہی گیر ہیں۔ اس وقت ہند میں 347 پاکستانی اور پاکستان میں 537 ہندوستانی شہری قید ہیں۔
ترجمان دفتر خارجہ نے کہاکہ پاکستان کو کرتار پور راہداری پر مذاکرات منسوخ ہونے پر افسوس ہے ۔ کرتارپور بات چیت پر نئی دہلی کے تحفظات غیرمناسب ہیں۔ دنیا جانتی ہے کہ کرتارپور پور مذاکرات سے ہند پیچھے ہٹا ہے۔ پاکستان کرتار پور مذاکرات میں سنجیدہ ہے۔ ترجمان نے کہاکہ کرتارپور راہداری کھولنے کے لئے ہند کی رضامندی بلاشبہ ضروری ہے۔ راہداری نہ کھولی تو ذمہ دار یقینا نئی دہلی ہوگا۔ پاکستان کرتار پور کھولنے کے لئے پرعزم ہے۔ ترجمان نے پھر کہا کہ سیٹیلائٹ تجربے پر تحفظات ہیں ۔
  ایک سوال پر ترجمان نے کہاکہ نیشنل ایکشن پلان کے تحت اقدامات ہمارے اپنے قومی مفاد میں ہیں۔ اس حوالے سے ڈپلومیٹک کور کو دی جانے والی بریفنگز کا سلسلہ جاری رہے گا۔امریکہ کی طرف سے ہند کو آبدوز شکن اسلحہ کی فراہمی پر کہاکہ ان فیصلوں سے خطے میں اسلحہ کی دوڑ میں اضافہ ہو گا جس ملک کو یہ اسلحہ دیا جا رہا ہے وہاں سے 27 فروری کو پاکستان پر حملے کی کوشش کی گئی۔ ترجمان نے یہ بھی کہا کہ پاکستان نے ایف اے ٹی ایف سے متعلق کافی اقدامات کر لئے ۔
قیدیوں کی رہائی کا خیر مقدم
  اسلام آباد میں متعین ہندوستانی ہائی کمشنر اجے بساریہ نے قیدیوں کی رہائی کے اعلان کا خیر مقدم کیا ہے۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوںنے کہا کہ قیدیوں کا معاملہ انسانی بنیادوں پر دیکھا جانا چاہئیے۔ اس معاملے پر دونوں ملکوں میں ایک عرصے سے بات چیت چل رہی ہے۔ عمر رسیدہ،کم عمر، ذہنی معذور اور خواتین قیدیوں کی رہائی ہونی چاہئیے۔انہوںنے بتایا کہ قیدیوں سے متعلق جو ڈیشل ریویو کمیٹی کا اجلاس جلد ہونے کی امید ہے ۔
 

شیئر: