Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی عرب میں ایک پاکستانی سمیت 55شدت پسند گرفتار

سعودی عرب میں حکام نے کہاہے کہ ریاستی سلامتی کو نقصان پہنچانے کے الزام میں7 ممالک کے 55افراد گرفتار کئے گئے ہیں جن میں 34سعودی شہری ہیں۔
حکام کے مطابق گرفتار ملزمان میں سے 9 کا تعلق یمن، دو کا مصر جبکہ پاکستان، شام، میانمار اور افغانستان کا ایک ، ایک شہری شامل ہے۔ تمام ملزمان سے تفتیش کی جا رہی ہے۔
اخبار 24کے مطابق سکیورٹی فورسز نے بتایا کہ 3 ماہ کے دوران حکام نے دہشت گردی کے الزامات میں 178افراد گرفتار کیے اور اب
محکمہ خفیہ کی حوالات میں زیر حراست افراد کی تعداد 5224تک پہنچ گئی ہے۔
 اخبار کے مطابق ان میں 4229سعودی ، 354یمنی، 244شامی، 78مصری اور 20سوڈانی ہیں جبکہ دیگر کا تعلق مختلف ممالک سے ہے۔
ادھر سعودی حکام نے دعوی کیا ہے کہ قطیف شہر میںایک پیشگی آپریشن کرتے ہوئے سکیورٹی فورسز نے دہشت گرد حملے کی کوشش کو ناکام بنایا ہے۔ اس کارروائی میں دو شدت پسند مارے گئے جبکہ دو کوگرفتار کیا گیا۔
حکام کے مطابق آپریشن میں ایک بحرینی خاتون ، پاکستانی ڈرائیور اور دوسکیورٹی اہلکار زخمی بھی ہوئے جبکہ دہشت گردوں کی گاڑی سے مختلف قسم کے ہتھیار ، نقدی اور جعلی شناختی کارڈ برآمد کیے گئے۔
خبررساں اداروں واس، سبق اور الشرق الاوسط کے مطابق ریاستی سلامتی کے ترجمان نے پیر کو اعلامیے میں بتایا کہ سکیورٹی اہلکاروں نے قطیف میں ’دہشت گرد‘ حملے کی کوشش ناکام بنائی۔
ترجمان کے مطابق ایک گاڑی میںسوار چار افراد کے بارے میں اطلاعات تھیں کہ وہ دہشت گرد حملے کے لیے نکلے ہوئے ہیںجس پر سیکیورٹی اداروں نے ناکہ بندی کرکے ان سے خود کو حوالے کرنے کا مطالبہ کیا۔
ترجمان نے کہا کہ دہشت گردوں نے جواب میں پولیس اہلکاروں پر فائرنگ کرتے ہوئے قریب واقع ایک پیٹرول سٹیشن میں پناہ لی ۔دہشت گردوں کے دستی بم سے سٹیشن میں جزوی طور پر آگ لگ گئی۔
انہوں نے بتایا کہ بعد ازاں مقابلے میں ’دو دہشت گرد مارے گئے جو سعودی شہری تھے۔‘
ترجمان کے جاری کیے اعلامیے کے مطابق اس آپریشن میں پیٹرول سٹیشن پر موجود ایک بحرینی خاتون اور پاکستانی ڈرائیور زخمی ہوئے ۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ مارے گئے افراد چوری ، ڈاکہ زنی، اغوا، آبرو ریزی اور منشیات کی سمگلنگ میں بھی ملوث تھے۔

شیئر: