Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستان کے کئی علاقوں میں بارش اور آندھی ،ہلاکتیں21 ہوگئیں

لاہور ... پاکستان کے مختلف علاقوں میں بارش ،طوفان بادوباراں اور تیز آندھی سے ہلاکتوں کی تعداد 21ہوگئی ۔بلوچستان میں بار ش برسانے والا سسٹم بلوچستان کے راستے پنجاب میں داخل ہو گیا۔
     خبر رساں ایجنسیوں اور ٹی وی رپورٹ کے مطابق پنجاب میں شدید آندھی اور بارش کے باعث دیواریں اور چھتیں گرنے سے 9 افراد جاں بحق جبکہ درجنوں افراد زخمی ہوگئے۔خانیوال میں آندھی کے باعث چھتیں گر نے سے 4 افراد کے جاں بحق جبکہ 13 کے زخمی ہونے کی اطلاع ہے۔
 
ریسکیو ذرائع کے مطابق لاہور میں پیر کو وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری رہا ۔بارش اور آندھی کے دوران ایک شخص جاں بحق جبکہ 16 افراد زخمی ہوئے۔ منصورہ میں دیوار گرنے سے 6 افراد زخمی ہوئے ۔شاد باغ عامر روڈ پر دیوار گرنے سے ایک شخص جاں بحق اور 7 افراد زخمی ہوگئے۔ کاہنہ اور نشاط کالونی میں چھت گرنے سے6 افراد زخمی ہوئے۔
  
ترجمان لیسکو کے مطابق بارش اور آندھی کے دوران 150 سے زائد فیڈرز ٹرپ کرگئے۔ فیصل آباد میں بھی 110 فیڈرز ٹرپ ہونے سے بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی۔ 55 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے تیز آندھی نے کئی درخت اکھاڑ دیئے ۔
    پاکپتن میں بارش اور آندھی کے باعث ریلوے روڈ پر درخت رکشہ پر گر گیا۔ خاتون سمیت 3 بچے شدید زخمی ہوگئے۔ملتان اور گردونواح میں تیز آندھی اور موسلا دھار بارش سے بجلی کا نظام در ہم برہم ہوگیا۔ گھروں کی چھتیں اور دیواریں گرنے سے 8 افراد زخمی ہو ئے ۔
  
دوسری طرف کراچی میں گرد آلودتیز ہواوں اور آندھی سے 3 افراد ہلاک متعدد زخمی ہوگئے۔ اتوار کی رات سے گرد آلو دہوائیں اور آندھی چلنا شروع ہوئی یہ سلسلہ پیر کی شام تک جاری رہا۔کئی علاقوں میں درخت اور کھمبے گر گئے۔
     شارع فیصل سمیت پی آئی ڈی سی و دیگر مقامات پر درخت گرنے سے ٹریفک کی آمدورفت متاثر ہوئی۔ درخت گرنے سے ایک بچہ جبکہ گھر کی چھت گرنے سے بچی جاں بحق ہوگئی۔ ٹیپو سلطان پل کے قریب اسکول کے باہر لگا شیڈ گر گیا۔ 5 بچے زخمی ہوگئے۔ جناح اسپتال میں 36 زخمیوں کو لایاگیا ، ایک نے دم توڑ دیا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق گرد آلو دہواﺅں سے حد بصارت گھٹ کر 500 میٹر رہ گئی تھی۔ اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ۔ریسکیو عملے کو بھی الرٹ رکھا گیا ۔
بلوچستان کے ندی نالوں میں بدستور طغیانی ہے۔ پی ڈی ایم اے بلوچستان نے حالیہ دنوں میں بارش کے باعث سیلابی ریلوں میں بہہ جانے اور مکان کی چھت گرنے سے 9 افراد کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کی ہے ۔ بلوچستان میں مزید بارش کے پیش نظرالرٹ بھی جاری کردیا ۔ ڈائریکٹر جنرل پی ڈی ایم اے نے بتایا کہ پشین میں4 بولان اورلسبیلہ اور دکی میں5 ا ہلاکتیں ہوئیں ۔

شیئر: