Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

وزیراعظم کوکریڈٹ سے دعا تک: ’حکومت بھی کچھ کرے گی؟‘

پاکستان میں وزیر مملکت برائے ماحولیات زرتاج گل کی جانب سے ملک میں بارشیں ہونے کا کریڈٹ وزیراعظم عمران خان کو دیئے جانے کا معاملہ اب مزید بارشیں رکوانے کے لیے دعاﺅں تک پہنچ گیا ہے۔ ایسے میں سوشل میڈیا صارفین استفسار کر رہے ہیں کہ حکومت بھی کچھ کرے گی کہ نہیں۔
منگل کے روز صوبہ پنجاب کے وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ایک بیان کے ذریعے اپیل کی ہے کہ ’اللہ تعالی کے حضور بارش کے تھمنے اور کسان کی فلاح کے لیے گڑگڑا کر دعا کریں۔‘
ان کا کہنا تھا کہ پنجاب کے مختلف اضلاع میں حالیہ بارشوں اور ژالہ باری سے گندم کی تیار فصل کو شدید نقصان کا اندیشہ ہے۔
چند روز قبل پنجاب کی حکومت کی جانب سے کسانوں کو مزید بارشوں کی اطلاع دی گئی تھی اور ساتھ میں حفاظتی اقدامات کی ہدایت کی تھی۔ جس پر تنقید بھی سامنے آئی تھی۔
پاکستان میں سب سے زیادہ گندم صوبہ پنجاب میں پیدا ہوتی ہے اور یہاں سے تعلق رکھنے والے متعدد افراد یہ شکوہ کرتے دکھائی دیئے تھے کہ بارشوں کی موجودگی میں ایک کسان کون سی احتیاطی تدابیر کر سکتا ہے۔
لیکن اب ملک کے سب سے زیادہ وسائل رکھنے والے صوبہ کے وزیراعلی کی جانب سے دعا کی ٹویٹ کیے جانے کے بعد جہاں کچھ لوگوں نے اسے حکومتی بے بسی اور نااہلی سے تعبیر کیا وہیں خاصی تعداد ایسے افراد کی بھی تھی جنہوں نے اسے مثبت انداز میں لیا۔
ایک صارف جمال عبداللہ عثمان نے وزیراعلیٰ کی دعا کی اپیل پر عمل کرتے ہوئے لکھا کہ ’خدا تعالی ہمارے کسانوں اور کھیت کھلیانوں کو اپنی رحمت کے سائے میں رکھے۔‘
تنقید و تعریف بھرے تبصروں کے ساتھ کچھ ایسے صارفین بھی گفتگو کا حصہ رہے جو وزیراعلی کو ان کی اور حکومت کی ذمہ داریاں یاد دلاتے رہے۔ فہد شیروانی نامی صارف نے استفسار کیا کہ ’حکومت بھی کچھ کرے گی کہ نہیں۔‘
پنجاب کے متعدد علاقوں میں موسم کی صورت حال اور بالکل تیار گندم کی فصل کی تصاویر بھی سماجی رابطوں کی ویب سائٹس پر گردش کرتی رہیں۔ قیصرشریف نامی ٹوئٹر صارف نے ایک تصویر شیئر کی جس میں گندم کی تیار فصل اور آسمان پر سیاہ بادل نمایاں ہیں۔
حالیہ بارشوں سے متاثر ہونے والے جنوبی اور وسطی پنجاب کی صورتحال اور گندم کی فصل کو ہونے والے نقصان کا ذکر کرتے ہوئے متعدد صارفین حکومت سے اپیل کرتے دکھائی دیے کہ وہ متاثرہ کسانوں کے نقصان کے ازالے کے لیے مالی امداد دے۔
چند ہفتے قبل وزیرمملکت برائے ماحولیات زرتاج گل کی ایک تقریب کے دوران تقریر کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی۔ اس ویڈیو میں زرتاج گل نے پاکستان میں ہونے والی بارشوں کا کریڈٹ وزیراعظم کو دیتے ہوئے کہا تھا کہ وزیر اعظم عمران خان کی جانب سے ملک میں اچھے اٹھائے گئے اقدامات کے سبب ایسا ہوا ہے۔
واضح رہے کہ ملک میں کئی دنوں سے بارشوں کا سلسلہ جاری ہے۔
پاکستان میں قدرتی حادثات میں امدادی کاموں اور افسوناک واقعات کی پیش بندی کے لیے قائم نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کی جانب سے جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق اتوار کے بعد سے اب تک بارشوں اور آندھی وغیرہ سے 39 افراد ہلاک جب کہ 135 زخمی ہو چکے ہیں۔
محکمہ موسمیات کی جانب سے منگل کی رات اور بدھ کو گوجرانوالہ ڈویژن، کشمیر، مالاکنڈ ڈویژن، اسلام آباد سمیت ملک کے مختلف حصوں میں طوفان بادوباراں کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

شیئر: