Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سگریٹ، گٹکا، نسوار پر پابندی، خلاف ورزی پر 5 ہزار ریال جرمانہ

سعودی عرب کی وزارت محنت و سماجی فروغ نے ملک میں تمام دفاتر میں سگریٹ نوشی اور تمباکو کی تمام مصنوعات کے استعمال پرمکمل پابندی عائد کردی۔ خلاف ورزی کرنے والی کمپنیو ںکے خلاف5 ہزار ریال کا جرمانہ ہوگا۔
عاجل ویب سائٹ کے مطابق وزیر محنت انجینیئر احمد الراجحی نے فیصلے کی منظوری دیتے ہوئے فوری طور پر عملدرآمد کی ہدایت کی ہے۔
 وزارت محنت کی جانب سے جاری کردہ اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ وزارت نے تمام دفاتر میں سگریٹ نوشی پر مکمل پابندی عائد کرکے سعودی کابینہ کے فیصلے پر عملدرآمد کیا ہے۔
پابندی میں دفاتر میں کام کرنے والے ملازمین کے علاوہ وہاں آنے والے عام افراد بھی شامل ہیں۔ تمام دفاتر کو ہدایت کی گئی ہے کہ اپنے دفاتر کے احاطے میں سگریٹ نوشی پر پابندی کے سٹیکر آویزاں کردیں۔
وزارت محنت نے واضح کیا ہے کہ سگریٹ سے مراد وہ تمام چیزیں ہیں جن کی تیاری میں تمباکو کا استعمال کیا جاتا ہے ۔ اس میں عام سگریٹ کے علاوہ ای سگریٹ، شیشہ، ای شیشہ، سگار، پان، گٹکا، نسوار اور تمباکو کی وہ تمام اشیا جو پی جاتی ہیں، کھائی جاتی ہیں، چبائی جاتی ہیں یا ان کا کسی بھی طرح سے استعمال کیا جاتا ہے۔ 
وزارت محنت نے واضح کیا ہے کہ انسداد سگریٹ نوشی قانون کی دفعہ نمبر 15کے مطابق پابندی کی خلاف ورزی کرتے ہوئے پائے جانے والے ادارے کے خلا ف پانچ ہزار ریال تک کا جرمانہ ہوگا۔
 

شیئر: