Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

"عید کے بعد حکمرانوں کے خلاف دما دم مست قلندر ہوگا"

کراچی ...پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹونے اعلان کیا ہے کہ عید کے بعد دما دم مست قلندر ہوگا ۔مہنگائی کے خلاف سڑکوں پر عوام کے حقوق کے لئے نکلیں گے۔
بدھ کو یوم مزدورپر کراچی میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزیرخزانہ کوہٹاکرمان لیا  گیاکہ حکومت ناکام ہے ، عوام کے لیے کچھ نہیں کرسکتی  ۔  حکومت کواس ملک کی عوام سے معافی مانگنی چاہئے۔ غریب عوام کا 6 ماہ تک معاشی قتل کیا گیا ۔ حکمرانوں کی نااہلی کے بوجھ سے عوام مہنگائی کے سونامی میں ڈوب رہے ہیں۔ حکمرانوں کی نالائقی کا بوجھ عوام بجلی گیس اورمہنگائی کی صورت میں بھگت رہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ عوام کیساتھ ہونے والی ناانصافیوں اورمحرومیوں کا حساب لیں گے ۔ 
بلاول نے کہا کہ جتنا قرض اس حکومت نے لیا ہے اتنا قرض ملکی تاریخ میں کسی نے نہیں لیا ۔  آئی ایم ایف سے جو قرض لیا جارہا ہے جوڈیل کی جارہی ہے اسے عوام سے چھپایا جارہا ہے۔  آئی ایم ایف سے کسی خفیہ ڈیل کوہم تسلیم نہیں کرتے ۔  ان سے جب سوال کرتے ہیں پوچھتے ہیں کہ آئی ایم ایف سے کیا ڈیل ہوئی تو یہ منہ چھپاتے ہیں کچھ نہیں بتاتے ۔
انہوں نے کہاکہ حکمران مہنگائی کوسابق حکومتوں اورسابق صدرآصف علی زرداری کی وفاقی حکومت کوقراردیتے ہیں مگرآج ہماری حکومت کے وزیرخزانہ کواپنی حکومت میں شامل کرلیا۔  عمران خان ہم پرتنقید کرنے کی بجائے ہمارے وزیرخزانہ سے ہمارے دورکے بارے میں پوچھ لیں۔  نقل کے  لئے بھی عقل کی ضرورت ہوتی ہے ۔ وزیرخزانہ توہمارا لے لیا مگر پالیسیاں باہرکی نافذ کی جارہی ہیں جوحکومت کی ناکامی کی وجہ ہے ۔ 
بلاول  نے کہاکہ اگرشفاف احتساب ہوگا تو جمہوریت مضبوط ہوگی۔   ہم کہتے ہیں کہ سب کے  لئے ایک قانون بنائیں۔  جج، جنرل، سیاستدانوں سب کے احتساب کے لئے ایک قانون بنایا جائے۔  احتساب ہوگا تو سب کا ہوگا وگرنہ دما دم مست قلندرہوگا۔  ایسا نہیں ہوسکتا کہ پنجاب میں تفتیش مکمل ہونے کے بعد نیب گرفتاری کرتا ہے مگرسندھ میں الزام لگتے ہی گرفتاری کرتا ہے۔  اگرپنجاب کے امیرترین مل اونر کے بیرون ملک اثاثے اورجائیداد نکلتی ہے اوراکاونٹ نکلتے ہیں تو سب حلال ، نہ جے آئی ٹی بنتی ہے۔  نہ منی ٹریل کا حساب مانگا جاتا ہے۔   دوغلی پالیسی اب نہیں چلے گی ۔ احتساب کے خلاف نہیں مگرنیب گردی نہیں چلنے دیں گے ۔ 
 

شیئر: