Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

تھائی لینڈ: بادشاہ کے لیے سفید رنگ کے ’مقدس‘ ہاتھی کا تحفہ

تھائی لینڈ کے شمال مشرق میں جانوروں کے تحفظ اور افزائش نسل کے ایک مرکز  میں ملک کے نئے بادشاہ مہا وجیرالونگ کورن کی ایک بڑی تصویر آویزاں ہے۔ یہ وہی سنٹر ہے جہاں پلائی ایکچائی نامی ایک سفید ہاتھی بھی اپنے دن کا آغاز کرتا ہے۔
تھائی لینڈ کے پانچویں بادشاہ راما کے دور حکومت میں ملنے والے اس 33 سالہ سفید نر ہاتھی کی خدمت گزشتہ برس سے بطور دیوتا کی جا رہی ہے۔ 
خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق رواں ہفتے نئے تھائی بادشاہ کی تاج پوشی کی تقریبات کے بعد یہ ہاتھی انہیں بطور تحفہ پیش کیا جائے گا۔
اس سنٹر میں پلائی ایکچائی اور نو دیگر ہاتھیوں کی دیکھ بھال کرنے والے 35 سالہ تانابدہ پرومو کہتے ہیں کہ ’بادشاہ کے لیے ایسے ہاتھی کو پالنے سے بڑھ کر اور فخر کی کیا بات ہو سکتی ہے۔‘
 تانابدہ اس ہاتھی کو ’حضور والا‘ کہتے ہوئے عقیدت میں روزانہ اس کے سامنے جھکتے ہیں۔
تانابدہ پرومو کے مطابق انہوں نے اس ہاتھی کو ملک کے جنوبی سیاحتی شہر رابی سے 2010 میں خریدا تھا جہاں اسے سیاحوں کی سواری کے طور پر استعمال کیا جاتا تھا۔
پلائی ایکچائی ہاتھی کا رنگ سیفد ہے اور اس رنگ کو تھائی رسم و رواج کے مطابق پاکیزگی کی علامت سمجھا جاتا ہے۔
قدیم برہمن کتابوں کے مطابق سفید ہاتھی میں سات خصوصیات ہوتی ہیں۔ اُس کی آنکھیں، تالو، ناخن، بال، اعضائے تناسل، جلد اور دم کے بال سفید ہوتے ہیں۔ 
خیال رہے کہ تھائی لینڈ میں سفید ہاتھی بہت کم تعداد میں پائے جاتے ہیں اور مقامی لوگ ان کے ساتھ دیوتا کی طرح برتاؤ کرتے ہیں۔ مقامی لوگوں کے لیے ہاتھی کے سفید ہونے کا مطلب یہ نہیں کہ اس کا پورا جسم ہی سفید ہو بلکہ اگر جسم کے کچھ حصے بھی سفید رنگ ہوں تو اسے سفید ہاتھی ہی کہا جاتا ہے۔
اس سفید ہاتھی کو مقامی لوگ بادشاہت کی علامت سمجھتے ہیں اور اس کے ساتھ مقدس دیوتا جیسا سلوک کیا جاتا ہے۔
تھائی لینڈ کی کیوٹو یونیورسٹی کے انتھراپولوجسٹ ایداردو سنائی بتاتے ہیں کہ ’تھائی بدھ مت میں سفید ہاتھی کی موجودگی کو بادشاہ کے اختیارات اور عہدے کے ساتھ منسلک کیا جاتا ہے اور سمجھا جاتا ہے کہ ایسی اعلیٰ مخلوق کو اپنی طرف متوجہ کرنے کی صلاحیت اس بات کی نشاندہی کرتی ہے کہ بادشاہ کو قدرت نے طاقت سے نوازا ہے۔‘
ان کا کہنا تھا کہ ’قانونی طور پر بادشاہ بننے والے افراد بغیر کسی محنت کے اپنی سلطنت سے سفید ہاتھی حاصل کرتے ہیں۔ یہ ہاتھی بھی بادشاہ کی طاقت کے اعتراف میں خود کو بادشاہ کی خدمت میں پیش کرتے ہیں۔‘ 
2016 میں وفات سے قبل تھائی لینڈ کے سابق بادشاہ اور وجیرالونگ کے والد بھوبول کو اپنے 70 سالہ دور حکومت میں کل دس سفید ہاتھی ملے تھے۔ وفات کے بعد جب بادشاہ کی میت کو شاہی تقریبات سے قبل محل میں رکھا گیا تب 11 سیفد دکھائی دینے والے ہاتھیوں نے محل کی دیواروں کے ساتھ جھک کے بادشاہ کو خراج تحسین پیش کیا تھا۔
 

شیئر: