Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

انگلینڈ نے پاکستان کو کلین سویپ کر دیا

انگلینڈ نے ون ڈے کی سیریز کے پانچویں اور آخری میچ میں  پاکستان کو54رنز سے شکست دے کر 0-4سے سیریز جیت لی۔ پہلا میچ بارش کے باعث ہار جیت کے بغیر ختم ہو گیا تھا۔ لیڈز میں کھیلے گئے سیریز کے آخری میچ میں انگلینڈ کے کپتان این مورگن نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ مورگن  ایک میچ کی پابندی کے بعد ٹیم میں واپس آئے۔ انگلینڈ نے مقررہ 50اوورز میں 9وکٹوں کے نقصان پر 351رنز بنائے۔ جواب میں پاکستان کی پوری ٹیم 46.5اوورز میں 297رنز بنا کر آوٹ ہوگئی۔
  انگلینڈ کی اننگز کا آغاز جیمس وینسی اور جونی بیئراسٹو نے کیا، دونوں اوپنرزنے 63 رنز کی شراکت  قائم کی ۔ جیمس وینسی 33 رنز بناکر آوٹ ہوگئے، کچھ ہی دیر بعد جونی بیئراسٹو بھی 32 رنز پر پویلین لوٹ گئے۔

کپتان مورگن اور جوئے روٹ نے 117 رنز کی شراکت قائم کی ، مورگن 76 رنز کی اننگز کھیل کر آوٹ ہوئے جس میں 5 چھکے اور 4 چوکے شامل تھے اور جوئے روٹ 84 رنز بناکر پویلین واپس لوٹے۔ تیسرے میچ کے سنچری میکر جوز بٹلر 34 رنز بنا کر آوٹ ہوئے جب کہ معین علی بغیر رن بنائے عماد وسیم کا شکار بنے اور چوتھے میچ کے ہیرو بین اسٹوکس بھی 21 رنز بنا سکے۔ شاہین شاہ آفریدی نے 4، عماد وسیم نے 3، اور محمد حسنین، حسن علی نے ایک، ایک کھلاڑی کو آوٹ کیا۔

352رنز کے  ہدف کے حصول کیلئے شاہینوں کی جانب سے فخرزمان اور عابد علی نے اننگز کا آغاز کیا لیکن دونوں ناکام ثابت ہوئے اور بالترتیب 0 اور 5 رنز بناکر آوٹ ہوگئے جس کے بعد محمد حفیظ بیٹنگ کے لیے آئے   وہ بھی  بغیراسکور کئے آوٹ ہوئے۔ قومی ٹیم کے 3 کھلاڑی صرف 6 رنز پر پویلین لوٹے۔

کپتان سرفراز احمد اور بابراعظم نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اورچوتھی وکٹ  کی شراکت میں 146 رنز بنائے، اس دوران دونوں بلے بازوں نے نصف سنچریاں مکمل کیں، بابراعظم 80 رنز بناسکے۔ عادل رشید نے انتہائی دانشمندی کا مظاہرہ کرتے ہوئے انہیں  رن آوٹ کر کے واپس پویلین بھیج دیا   ،کپتان  سرفراز احمدبدقسمتی سے صرف 3 رنز کی کمی سے سنچری مکمل نہ کرسکے وہ 97پر  رن آوٹ ہوگئے۔ شعیب ملک   صرف 4 رنز  ہی بنا سکے۔عماد وسیم نے کچھ دیر وکٹ پر ٹھہرنے کی کوشش کی لیکن 25رنز پر وکٹ کیپر کو کیچ تھما دیا۔محمد حسنین نے آخری نمبر پر بیٹنگ کرتے ہوئے ایک چھکے اور 4چوکوں کی مدد سے 28رنز بنائے جو جیت کیلئے ناکافی ثابت ہوئے۔ حسن علی گیارہ رنز بنا سکے جبکہ شاہین شاہ آفریدی 19رنز بناکر ناٹ آوٹ رہے۔انگلش بولر کرس ووکس نے نہایت عمدہ بولنگ کرتے ہوئے 5وکٹیں حاصل کیں، کرس ووکس کو شاندار بولنگ کرنے پر مین آف دی میچ کا اعزاز دیا گیا ، جیسن روئے کو مین آف دی سیریز کا انعام دیا گیا۔ عادل رشید نے 2کھلاڑیوں کو پویلین بھیجا ، ڈیوڈ  ویلی نے ایک وکٹ حاصل کی۔ پاکستان کی پوری ٹیم 47ویں اوور کی پانچویں گیند پر 297رنز بنا کر سمٹ گئی اور انگلینڈ نے 54رنز سے آخری ون ڈے میں کامیابی حاصل کرلی۔

انگلینڈ نے پانچ ون ڈے کی سیریز 0-4سے جیت لی ۔سیریز کا ابتدائی میچ بارش کے باعث بغیر نتیجے کے ختم کر دیا گیا تھا۔ دوسرے میچ میں انگلینڈ کا 374 رنز کا ہدف حاصل کرتے ہوئے گرین شرٹس 12 رنز پہلے ہمت ہار گئے، تیسرے میچ میں پاکستان نے 359 اور چوتھے میں 341 رنز کا ہدف دیا تاہم کامیابی حاصل نہیں کرسکا۔

شیئر: