میچ میں انگلینڈ کے کھلاڑی سے جھگڑا، حارث رؤف پر میچ فیس کا 20 فیصد جُرمانہ
پاکستان کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر حارث رؤف پر انگلینڈ کے خلاف ون ڈے میچ کے دوران کوڈ آف کنڈکٹ کی خلاف ورزی پر میچ فیس کا 20 فیصد جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔
حارث رؤف پر اتوار کو لاہور میں انگلینڈ کے خلاف سہ فریقی سیریز کے میچ میں وِل جیکس اور امپائر شرف الدولہ کے ساتھ تلخ کلامی پر یہ جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔
کرکٹ ویب سائٹ کرک انفو کے مطابق حارث رؤف کو گذشتہ سال ایشیا کپ میں آئی سی سی کے ضابطۂ اخلاق کی دو الگ الگ خلاف ورزیوں پر دو میچوں کی پابندی کا سامنا بھی کرنا پڑا تھا۔
اب گذشتہ 14 ماہ کے دوران اُن کے ڈی میرٹ پوائنٹس کی تعداد پانچ ہو گئی ہے۔ اگر انہیں اپنے پہلے جُرم کے 24 ماہ کے اندر (13 ستمبر 2027 تک) مزید تین ڈی میرٹ پوائنٹس ملتے ہیں تو انہیں چار میچوں کی پابندی کا سامنا کرنا پڑے گا۔
یہ واقعہ اننگز کے 46ویں اوور کے اختتام پر پیش آیا، جب حارث رؤف نان سٹرائیکر اینڈ پر موجود تھے۔ وہ اس بات پر واضح طور پر ناراض دکھائی دے رہے تھے کہ امپائر شرف الدولہ نے سیم کرن کی جانب سے شاداب خان کو کرائی گئی بال کو وائیڈ قرار نہیں دیا۔
فاسٹ بولر نے غصے میں اپنا بلا مِڈ آن پر کھڑے انگلش کھلاڑی وِل جیکس کی جانب لہرایا اور ان کی جانب بڑھنے کی کوشش کی، تاہم اس دوران امپائر شرف الدولہ نے انہیں آگے بڑھنے سے روک دیا۔
حارث رؤف، وِل جیکس سے بحث کرتے رہے، تاہم بالآخر جو رُوٹ نے انہیں پُرسکون کیا۔ اس کے بعد پاکستان نے یہ سنسنی خیز میچ ایک وکٹ سے جیت لیا۔
حارث رؤف نے انگلینڈ کے ڈیبیو کرنے والے کھلاڑی ہنری کروکومب کی گیند پر فاتحانہ باؤنڈری لگا کر پاکستان کو ناقابلِ یقین واپسی کے بعد کامیابی دلائی۔
