Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

جوفرا آرچر کی ورلڈ کپ سکواڈ میں شمولیت پر لیگز میں دلچسپ ’پھڈا‘

جوفرا آرچر کو پاکستان کے خلاف پانچ ایک روزہ میچز لیے ٹیم میں شامل کیا گیا تھا۔ تصوہر: اے ایف پی

آئی سی سی ورلڈ کپ 2019 کے لیے انگلینڈ کی حتمی سکواڈ میں فاسٹ بولر جوفرا آرچرکی شمولیت نے دنیا کی تین بڑی لیگز کی ٹیموں کے بیچ  سوشل میڈیا پر دلچسپ مباحثے کو جنم دیا ہے۔

انڈین پریمیئیر لیگ کی ٹیم راجستھان رائلز، آسٹریلیا کے بگ بیش لیگ کی سائیڈ ہوبارٹ ہریکینز اور انگلش کاؤنٹی سائیڈ سسکس تینوں جوفرا آرچر کے دعوے دار نکلے۔

ویسٹ انڈیز کے شہر برج ٹاؤن، بارباڈوس میں پیدا ہونے والے 24 سالہ آرچر انگلینڈ کی جانب سے اعلان کردہ ابتدائی 15 رکنی سکواڈ کا حصہ نہیں تھے تاہم انہیں پاکستان کے خلاف پانچ ایک روزہ میچز لیے ٹیم میں شامل کیا گیا تھا۔


ٹویٹر ہینڈل راجستھاں رائلز

پاکستان کے خلاف پریکٹس میچز اور ون ڈے میں اچھی کارکردگی پرانہیں ورلڈ کپ کے لیے انگلینڈ کے حتمی سکواڈ میں زیادہ تجربہ کار ڈیوڈ ویل کی جگہ شامل کیا گیا ہے۔ آرچر نے اب تک صرف تین ایک روزہ انٹرنیشنل میچز کھیل کر تین وکٹیں حاصل کر رکھی ہیں۔

آرچرکی ورلڈ کپ کے لیے انگلینڈ کی ٹیم میں شمولیت پر انڈین پریمئیر لیگ کی فرنچائز راجستھان رائلز نے اپنے ٹویٹر پرآرچر کو مبارک باد دی۔

خیال  رہے آرچر آئی پی ایل میں راجستان رائلز کی طرف سے کھیلتے ہیں۔


ٹویٹر ہینڈل راجستھاں رائلز

مبارکباد کے پیغام کے ساتھ راجستھان رائلز نے لکھا ’ وہ ٹیم میں شامل ہوگئے۔ ہمارے  تیز رفتار بولنگ مشین آئی سی سی ورلڈ کپ 2019 کے لیے جا رہے ہیں۔‘

اس ٹویٹ پرانگلینڈ کی کاؤنٹی سائیڈ سسکس نے سوالیہ انداز میں تبصرہ کیا ’ہمارے تیزرفتار باؤلنگ مشیـن؟‘


آرچر اب تک صرف تین ایک روزہ انٹرنیشنل میچز کھیل کر تین وکٹیں حاصل کر رکھا ہے۔ تصویر: اے ایف پی

چونکہ آرچر کاؤنٹی کرکٹ سسکس کی طرف سے بھی کھیلتے ہیں اس لئے سسکس نے راجستھان رائلز کے ’ہمارے تیز رفتار بولنگ مشین‘  کے دعوے پر سوال کھڑا کر دیا ۔

اسی تھریڈ میں آسٹریلیا کی بگ بیش لیگ کی فرنچائز ہوبارٹ ہر یکینز نے مزاحیہ ایموجیز کے ساتھ تبصرہ کیا۔ چونکہ آرچر بگ بیش ہوبارٹ ہوریکینز کی جانب سے کھیلتے ہیں تو وہ بھی ایموجی کے ساتھ راجستھان رائلز کے دعوے کی ’تردید‘ کرتے نظر آئے۔

اب باری تھی جوفرا آرچر کی کہ وہ ان دعوے داروں کے دعوں کے بارے میں کیا کہتے ہیں۔ آرچر نے سر پکڑے  ایموجی کے ساتھ تبصرہ کیا ’اچھے سے کھیلیں گائیز۔‘

شیئر: