Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

انڈیا: ٹیوشن سینٹر میں آگ لگنے سے کم از کم 19 طلبا ہلاک

ہلاک ہونے والوں میں زیادہ تعداد طالبات کی ہے
انڈیا کی مغربی ریاست گجرات کے ایک ٹیوشن سینٹر میں آگ لگنے سے کم از کم 19 طلبا ہلاک ہو گئے ہیں۔ ہلاک ہونے والوں میں زیادہ تعداد لڑکیوں کی ہے۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق گجرات کے مغربی شہر سورت میں جمعے کو ایک عمارت کی کھڑکیوں سے کالا دھواں نکلنے کے بعد طلبا کو چھلانگیں لگاتے اور نیچے گرتے ہوئے دیکھا گیا۔
سورت کے فائر بریگیڈ سکواڈ کے ایک اہلکار دیپک نے اے ایف پی کو بتایا کہ 'طلبا آگ لگنے اور عمارت سے چھلانگیں لگانے کی وجہ سے ہلاک ہوئے ہیں۔'
دیپک کے مطابق جس وقت عمارت کی سب سے اوپر والی منزل میں آگ لگی اس وقت یہاں 50 سے 60 افراد موجود تھے۔ تاہم آگ لگنے کی وجہ تاحال واضح نہیں ہو سکی۔

 فائر بریگیڈ کا عملہ آگ بجھانے میں مصروف ہے
 فائر بریگیڈ کا عملہ آگ بجھانے میں مصروف ہے

سورت میں میونسپل انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل ایجوکیشن اور ریسرچ کے میڈیکل آفیسر جیش ایم پٹیل نے اے ایف کو بتایا کہ 'واقعے میں ہلاک ہونے والے طلبا کی تعداد 19 ہو گئی ہے جن میں 16 لڑکیاں شامل ہیں۔'
ان کے مطابق 16 طلبا کی موت کی وجہ آگ بنی جبکہ تین طلباء عمارت سے چھلانگ لگانے پر زخمی ہونے سے ہلاک ہوئے۔
خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق مرنے والے تمام افراد کی عمریں 20 برس سے کم تھیں اور زیادہ تر طلبا سیڑھیوں کے قریب لگی آگ کی وجہ سے عمارت میں پھنس گئے تھے۔
ادھر انڈین وزیراعظم نریندر مودی نے ٹویٹر پر اپنے ایک پیغام میں واقعے پر غم کا اظہار کرتے ہوئے گجرات حکومت اور مقامی حکام کو معاونت فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔

انڈین وزیر اعظم نے واقعے پر غم کا اظہار کیا ہے
انڈین وزیر اعظم نے واقعے پر غم کا اظہار کیا ہے

انہوں نے کہا ہے کہ 'میں اس واقعے میں ہلاک ہونے والے افراد کے خاندانوں کے غم میں شریک ہوں اور دعاگو ہوں کہ زخمی افراد جلد صحتیاب ہو جائیں۔'
مقامی میڈیا کے مطابق واقعے میں زخمی ہونے والے بیشتر طلباء اس وقت زیر علاج ہیں اور ہلاکتوں میں اضافہ ہو سکتا ہے۔

شیئر: