Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ایران : ٹوئٹر، فیس بک کےمتعدد فیک اکاؤنٹس بلاک

فیس بک کے افسر نیتھینیل گلیشر کا کہنا تھا اس حرکت کے پیچھے افراد خود کو صحافت یا دوسرے پیشوں سے وابستہ ہونے کا بتا رہے تھے۔ تصویر: اے ایف پی
فیس بک اور ٹوئٹرانتظامیہ نے حال ہی میں متعدد ایسے جعلی اکاؤنٹس کو بلاک کر دیا ہے جن کو چلانے والے خود کو رپورٹر یا سیاستدان بتا کر ایران سے متعلق سوشل میڈیا پر مہم چلا رہے تھے۔
خبر رساں ادارے ’اے ایف پی‘ کے مطابق فیس بک انتظامیہ نے بتایا کہ یہ افراد انگریزی یا عربی میں مواد فیس بک پر پوسٹ کر رہے تھے۔ ان کی پوسٹوں اور سوشل میڈیا پر بحث کے موضوعات اسلام، مشرق وسطٰی میں سعودی عرب کا دباؤ اور امریکہ اور برطانیہ کی سیاست تھے۔ یہ افراد مشرقِ وسطیٰ کے خبر رساں اداروں سے تعلق رکھنے کا دعویٰ کر رہے تھے اور کہہ رہے تھے کہ وہ امریکہ یا یورپ میں مقیم ہیں۔
فیس بک کے ایک آفیشل نیتھینیل گلیشر کا کہنا تھا، ’اس حرکت کے پیچھے افراد خود کو صحافت یا دوسرے پیشوں سے وابستہ ظاہر کر کے عوامی نمائندوں سے رابطے کرنے کی کوشش کر رہے تھے۔‘
آن لائن سیکورٹی ادارے ’فائر آئی‘ کے مطابق ان اکاؤنٹس ایران کے نیوکلیئر ڈیل کی حمایت کر رہے تھے۔ یہ معاہدہ ایران، فرانس، چین، روس، برطانیہ، امریکہ، جرمنی اور یورپی یونین کے درمیان طے پایا تھا جس کے تحت ایران خود پر پابندیاں ہٹانے کے بدلے اپنے جوہری منصوبے کا استعمال کم کرے گا۔

ان اکاؤنٹس سے ٹرمپ انتظامیہ کی طرف سے ایرانی پاسداران کو دہشت گرد قرار دیے جانے کی مذمت کی جا رہی تھی۔ تصویر: اے ایف پی

فائر آئی نے یہ بھی بتایا کہ ان اکاؤنٹس نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی انتظامیہ کی طرف سے ایرانی پاسداران کو دہشت گرد قرار دیے جانے کی مذمت کی۔
دوسری جانب ٹوئٹر انتظامیہ نے ’اے ایف پی‘ کو بتایا کہ انہوں نے مئی کے شروع میں  ایران سے چلائے  جانے والے 2800 جعلی اکاؤنٹس ڈیلیٹ کر دیے مگر انہیں فیس بک پر ہونے والی مہم کا علم نہیں تھا۔
فیس بک نے ایسے 51 اکاؤنٹس، 36 پیجز اور سات گروپوں کوڈیلیٹ کر دیا ہے۔ انسٹاگرام سے بھی تین اکاؤنٹ کو ہٹایا گیا۔

شیئر: