Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

105 رنز بنا کر کہا،اے لو پھڑو بیٹنگ

پاکستان کو ویسٹ انڈیز سے بڑی شکست کا سامنا کرنا پڑا: تصویر اے ایف پی
مجھے عدالتی کارروائی پڑھنے کا بہت شوق ہے۔ جو مکالمے ججز اور وکلاء میں ہوتے ہیں، وہ اکثر کافی مزاحیہ ہوتے ہیں۔
مجھے یاد ہے ہمارے سابق محترم چیف جسٹس ثاقب نثار نے ایک عدالتی کارروائی میں کہا تھا کہ ’میں آپ سب کو کمرے میں بند کر کے کنڈی لگا دوں گا۔‘
  جمعے کو پاکستان کا پہلا میچ ویسٹ انڈیزکے خلاف  دیکھ کر مجھے یہ جملہ یاد آیا اور میرا بے اختیار دل کیا کہ میں اپنی پوری ٹیم کو کسی کمرے میں بند کر کے کنڈی لگا دوں۔ اور اس موقع کو کسی طرح اس غم سے بچا لوں۔
ہم نے میچ نہیں کھیلا ، ہم نے ویسٹ انڈیز کے خلاف صرف پسوڑی ڈالی ہے۔ خدا جانے پویلین میں کیا تھا کہ ہم رہ نہیں سکے اور 105 سکور بنا کر ہم نے کہا اے لو پھڑو بیٹنگ۔


21.4 اوورز میں صرف 105 رنز پر ساری ٹیم واپس پویلین میں تھی: تصویر اے ایف پی 

ہمارا سکور سے زیادہ تو پاکستان میں ڈالرکا ریٹ چل رہا ہے۔ اگر آپ  100 کا موبائل کارڈ لیں تو اس پر بھی دکاندار آپ سے 20 روپے مانگے گا، پانچ نہیں۔
ہمارا تو پیٹرول بھی 112 فی لیٹر ہے، ویسے میں ریکارڈ کی بات نہیں کرتی لیکن جمعے کو پاکستان نے دوسرا کم ترین مجموعی ٹوٹل بنا کر سب ٹیموں کو چیلنج کر ڈالا  ہے کہ ہم سے بھی ناکارہ پرفارمنس دینے والا کوئی ہےتو سامنے آئے۔ ہم اس سے بھی زیادہ برا کھیل کے دکھا دیں گے۔
پاکستان کی جانب سےسب زیادہ سکور فخر زمان اور بابر اعظم نے کیا۔ دونوں نے 22 سکور بنا کر ہمیں اتنا بتا دیا کہ ٹیم میں ہم آہنگی ضرور ہے۔پھر حارث سہیل اور کپتان سرفراز جن کی ٹیم میں کوئی جگہ نہیں انہوں نے 8 رنز بنائے، ایک بار پھر ہم آہنگی کا جذبہ نظر آیا۔
ظلم تو یہ ہے کہ وہاب ریاض بھی میچ میں محمد حفیظ سے زیادہ سکورکرگئے، مطلب 18 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے یہ وہاب کا ہم پر احسان ہے کہ انہوں نے ہمیں کم از کم 100 پار کرا دیا۔
ہمارے سابق محترم چیف جسٹس ثاقب نثار نے ایک بار بہت عمدہ سوال کیا تھا کہ ‘ کیا  ہم بے غیرت ہیں؟‘ ہماری ٹیم کی اتنی شرم ناک پرفارمنس پر مجھے یہ سوال بھی کافی یاد آیا۔

امام الحق تیسرے ہی اوور کی آخری بال 2 رنز بنا کر کیچ آوٹ ہو گئے

ورلڈ کپ ابھی شروع بھی نہیں ہوا تھا تو آدھی سے زیادہ ٹیم بیمار ہو گئی تھی۔ وہ جیسے چیف جسٹس ثاقب نے کہا تھا کہ ’کسی کو مالٹے سے الرجی ہے تو کسی کو کیلے سے‘۔
 اللہ اللہ کر کے سب صحت یاب ہوئے تو شارٹ ٹرم میموری لوس کی طرح اپنی قابلیت ہی بھول گئے۔
میچ میں حیرانگی تب ہوئی جب ہمارے بولرز میں کچھ جان نظر آئی۔ عامر نے 3 وکٹیں لی اور وہاب بھی کچھ ردھم میں نظر آئے لیکن انھیں کافی کٹ پڑی۔ لیکن دفاع کرنے کو تھا ہی کیا؟ کٹا تے سوا۔
اور محمد حفیظ اس ٹیم میں موجود ایسے ہیں جیسےایک بار سابق محترم چیف جسٹس نے کہا تھا کہ "میری ریٹائرمنٹ کے بعد پتہ نہیں کیا ہوگا؟" قسم سے حفیظ ہم لکھ کے دے سکتے ہیں کہ کچھ بہتر ہی ہوگا کیونکہ آپ کو تو کسی روحانی طاقت نے پرفام کرنے سے منع کیا ہوا ہے ۔ بس کر دیں کسی قابل پلیئر کی جگہ مارنا۔

وہاب ریاض 18 اور محمد حفیظ 16 رنز بنا سکے

ویسٹ انڈیز کے خلاف میچ دیکھتے ہوئے بھی لوگوں نے 92 کے ورلڈ کپ کا پھر سےحوالہ دیا کہ تب بھی ہم پہلا میچ ویسٹ انڈیز سے ہارے تھے۔ ہماری قوم کا حال بھی  چیف جسٹس ثاقب نثار جیسا ہے جب انہوں نے کہا تھا کہ "ماہرین تجاویز دیں کے چندے سے ہٹ کے ڈیم کیسے بن سکتا ہے؟" ہماری قوم بھی اس وقت پرفارمنس کے علاوہ ہر طرح کی تجویز اور حوالوں کا سہارا لے کر ورلڈ کپ دیکھ رہی ہے۔
فی الحال  پاکستان کی صورتِ حال یہ ہے کہ یہ میچ ہار کر پاکستان کا موجودہ نیٹ رن ریٹ 802۔ 5- ہے  آگے چل کر اگر دو ٹیموں کو چوتھی پوزیشن کے لیے کھیلنا پڑا تو تب بھی پاکستان کا کوئی چانس نہیں ہے۔ اب ایسے حال میں ٹیم سے محبت کرنے کا صرف سابق چیف جسٹس ثاقب نثار جیسا جذبہ چاہیے۔
وہ کہتے ہیں کہ ’کہ فجر کی نماز پڑھنے کے بعد ایک بار یہ ضرور کہتا ہوں کہ میں پاکستانی ہوں‘۔ فرق صرف اتنا ہے کہ وہ ایک بار کہتے تھے اور ہمیں پوری تسبیح کرنی پڑے گی اپنی امیدیں بحال رکھنے کے لیے۔

شیئر: