Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

لیونل میسی کا 900 واں گول، رونالڈو کے ساتھ ’ایلیٹ کلب‘ میں شامل ہو گئے

میسی نے نیشویل کے خلاف راؤنڈ آف 16 میں 900واں گول مکمل کیا۔ (تصویر: اے ایف پی)
سٹار فٹ بالر لیونل میسی نے ایک اور  تاریخی سنگِ میل عبور کرتے ہوئے اپنے کیریئر کا 900 واں گول سکور کر لیا ہے۔ 
امریکی خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق عالمی شہرت یافتہ فٹبالر لیونل میسی نے یہ اہم سنگِ میل بدھ کی رات انٹر میامی کی جانب سے کونکاکاف چیمپئنز کپ کے راؤنڈ آف 16 کے میچ میں انجام دیا۔
سٹار فٹ بالر نے یہ گول اپنے مخصوص انداز میں بائیں پاؤں سے کیا، انہوں نے زیادہ تر گول اپنے اسی انداز اور بائیں پاؤں سے ہی کیے ہیں۔
میچ کے ساتویں منٹ میں انہوں نے باکس کے درمیان پاس وصول کیا، گیند کو کنٹرول کیا، گھومے اور دفاعی کھلاڑیوں کے درمیان سے ایک نچلا شاٹ لگا کر گیند کو گول پوسٹ کے اندر پھینک دیا۔
میسی اس سنگِ میل تک پہنچنے والے دنیا کے دوسرے مرد کھلاڑی ہیں۔ ان سے قبل کرسٹیانو رونالڈو 900 سے زائد گول کر چکے ہیں، تاہم رونالڈو کو یہاں تک پہنچنے کے لیے میسی کے مقابلے میں تقریباً 100 میچز زیادہ کھیلنا پڑے۔
رونالڈو نے ستمبر 2024 میں 39 سال کی عمر میں 900 گول مکمل کیے، جبکہ میسی جون میں 39 سال کے ہو رہے ہیں۔ 
اس تاریخی گول نے فٹبال سے باہر کی شخصیات کی توجہ بھی حاصل کی۔
باسکٹ بال ہال آف فیمر میجک جانسن نے سوشل میڈیا پر لکھا کہ میسی کا 900 گول تک پہنچنا ایک ’حیرت انگیز سنگِ میل‘ ہے انہوں نے اس کو ایک ’ناقابل یقین کارنامہ‘ بھی قرار دیا۔
اس کے بعد بھی میسی زیادہ جشن منانے کے موڈ میں دکھائی نہیں دیے جہاں نیشویل نے انٹر میامی کے خلاف میچ ایک ایک گول سے برابر کر دیا اور اوے گول کے اصول پر ٹورنامنٹ کے کوارٹر فائنل میں جگہ بنا لی۔
دونوں ٹیموں کے درمیان گزشتہ ہفتے نیشویل میں کھیلا گیا راؤنڈ آف 16 کا پہلا لیگ میچ 0-0 سے برابر رہا تھا۔
میچ کے بعد نیشویل کے کوچ بی جے کالہان نے میسی کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے 900 گول مکمل کرنے پر مبارک دی اور انہیں ’بہترین‘ کھلاڑی قرار دیا۔
شائقین فٹ بال کا ماننا ہے کہ برازیل کے لیجنڈ پیلے نے اپنے کیریئر میں 1000 سے زائد گول کیے، تاہم ان کا ’سرکاری‘ ریکارڈ تقریباً 800 کے قریب ہے۔ 
رپورٹس کے مطابق مختلف میچز کو شامل کرتے ہوئے پیلے کے گولز کی تعداد لیگ میچز میں تقریباً 650 سے لے کر مجموعی طور پر 1300 کے قریب بتائی جاتی ہے، جن میں کچھ کم درجے کی ٹیموں کے خلاف میچز بھی شامل ہیں۔

میسی کی نمبر 10 جرسی انٹر میامی میں سب سے زیادہ فروخت ہوئی۔ (تصویر: اے ایف پی)

میسی بدستور فٹبال کی دنیا کے سب سے مقبول اور سب سے زیادہ فالو کیے جانے والے کھلاڑی ہیں۔ انٹر میامی میں شمولیت کے بعد سے ان کی نمبر 10 جرسی لیگ میں سب سے زیادہ فروخت ہونے والی جرسی ہے، اور ان کی ہر سرگرمی دنیا بھر میں بڑی خبر بنتی ہے۔
میسی کلب اور ملک کے لیے مجموعی طور پر 47 ٹرافیاں جیتنے والی ٹیموں کا حصہ رہ چکے ہیں، جن میں 2022 کا ورلڈ کپ اور گزشتہ سیزن کا ایم ایل ایس ٹائٹل شامل ہے جس سے وہ مردوں کے فٹبال کی تاریخ کے سب سے زیادہ اعزاز یافتہ کھلاڑی بن گئے۔

شیئر: