تائیوان تنازع: ’چین خطرہ ہے‘ کا راگ الاپنا بند کیا جائے، بیجنگ کی امریکہ کو سخت تنبیہ
جمعرات 19 مارچ 2026 15:22
چین ہمیشہ سے تائیوان کو اپنا اٹوٹ انگ قرار دیتا آیا ہے (فائل فوٹو: اے ایف پی)
چین نے امریکہ پر زور دیا ہے کہ وہ ’چینی خطرے‘ کے نظریے کی تشہیر بند کرے۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق بیجنگ کا یہ بیان ایک حالیہ امریکی انٹیلی جنس رپورٹ کے منظرِ عام پر آنے کے بعد سامنے آیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ چین کا اگلے برس تائیوان پر حملے کا کوئی ارادہ نہیں ہے۔
جمعرات کو ایک پریس کانفرنس کے دوران چینی وزارتِ خارجہ کے ترجمان لِن جیان نے تائیوان کے معاملے پر واشنگٹن کو اپنی پالیسیوں پر نظر ثانی کرنے کا مشورہ دیا۔
ترجمان لن جیان نے امریکی رپورٹ کے حوالے سے پوچھے گئے سوال کے جواب میں کہا ’امریکہ کو تائیوان کے معاملے پر بولنے اور عمل کرنے میں احتیاط برتنا چاہیے۔ انہیں چین کے بارے میں اپنی سمجھ بوجھ درست کرنی چاہیے اور ’چینی خطرے‘ کے نظریے کو بڑھا چڑھا کر پیش کرنا بند کرنا چاہیے۔‘
بیجنگ کا یہ سخت ردعمل اس وقت سامنے آیا ہے جب خطے میں تائیوان کی خودمختاری اور چین کے اس پر دعوے کے باعث تناؤ مسلسل برقرار ہے۔
امریکہ اگرچہ باضابطہ طور پر تائیوان کو ایک آزاد ریاست تسلیم نہیں کرتا تاہم وہ تائیوان کا سب سے بڑا اتحادی اور اسے دفاعی ہتھیار فراہم کرنے والا اہم ملک ہے۔
چین ہمیشہ سے تائیوان کو اپنا اٹوٹ انگ قرار دیتا آیا ہے اور اس کا کہنا ہے کہ وہ تائیوان کے چین کے ساتھ دوبارہ الحاق کے لیے طاقت کے استعمال کے آپشن کو مسترد نہیں کرتا۔
