Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

بجٹ میں تمام اداروں کے اخراجات میں کمی کی جائے گی، مشیر اطلاعات

وزیراعظم کی مشیر اطلاعات اور معاون خصوصی پریس کانفرنس کرتے ہوئے (فوٹو:پی آئی ڈی)
پاکستان کے وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے احتساب شہزاد اکبر نے کہا ہے کہ اپنے اثاثے ظاہر کرنے کے لیے عوام 30 جون سے قبل ایمنسٹی سکیم سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں جبکہ مشیر اطلاعات فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ کفایت شعاری اور سادگی پر مبنی بجٹ پیش کیا جائے گا اور تمام اداروں کے غیر ضروری اخراجات میں کمی کی جائے گی۔
اتوار کو اسلام آباد کے پریس انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ میں وزیراعظم کی مشیر اطلاعات فردوس عاشق اعوان کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے معاون خصوصی شہزاد اکبر کا کہنا تھا کہ لوگوں کے لیے اپنے اثاثے ظاہر کرنے کا یہ ایک بہترین موقع ہے، 30 جون کے بعد ایمنسٹی سکیم کی تاریخ میں توسیع نہیں کی جائے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ ’ 30 جون تک ہم لوگوں کو پورا موقع فراہم کر رہے ہیں کہ وہ اس سکیم کا فائدہ اٹھاتے ہوئے اپنے چھپائے گئے اثاثے چاہے وہ پاکستان میں ہیں یا پاکستان سے باہر، چاہے وہ اکاؤنٹس کی صورت میں ہیں یا پراپرٹی، ٹرسٹ، سرٹیفیکیٹ یا سیونگز کی صورت میں، پاکستان کے قانون کے مطابق ان اثاثوں کو ظاہر کرنا لازم ہے۔‘
معاون خصوصی شہزاد اکبر کے مطابق کہ اب حکومت کے پاس خود بخود ان اثاثوں کی تفصیل آجاتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ 1985 کے بعد سے سرکاری عہدہ رکھنے والے اس سکیم سے فائدہ نہیں اٹھا سکیں گے۔

مشیر اطلاعات فردوس عاشق اعوان کے مطابق کہ کفایت شعاری اور سادگی پر مبنی بجٹ پیش کیا جائے گا (فوٹو:پی آئی ڈی)

اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کا نام لیے بغیر شہزاد اکبر نے کہا ’آج ایک صاحب تشریف لائے ہیں، ہمارے ملک کے احتسابی ادارے بڑے عرصے سے ان کے انتظار میں تھے اور بڑا اچھا ہوتا اگر وہ اپنے صاحبزادے اور داماد کو بھی لے کر آتے۔‘
شہزاد اکبر کے مطابق کہ جب شہباز شریف وزیراعلیٰ تھے تو ان کے بیٹے کے اثاثے 85 سو فیصد بڑھے۔
فردوس عاشق اعوان نے اس موقع پر کہا کہ ہماری ترجیح رہی ہے کہ ہم آنے والے بجٹ کو عوام دوست بنائیں۔
ان کے مطابق یہ پاکستان تحریک انصاف کا باضابطہ طور پر پہلا بجٹ ہوگا اور اس کے خدوخال اقتصادی سروے رپورٹ کے وقت پیش کیے جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ کفایت شعاری اور سادگی پر مبنی بجٹ پیش کیا جائے گا اور تمام اداروں کے غیر ضروری اخراجات میں کمی کی جائے گی۔
فردوس عاشق اعوان کے مطابق اخراجات میں کمی کا آغاز پاکستان فوج نے کیا۔

شیئر: