Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کا دورہ کراچی، ایئرپورٹ پر سعید غنی نے استقبال کیا

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی تین روزہ دورے پر کراچی پہنچ گئے ہیں۔
جمعے کو  کراچی کے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر صوبائی وزیر سندھ سعید غنی نے ان کا استقبال کیا اور سندھ کی ثقافت کے اظہار کے طور پر انہیں اجرک اور سندھی ٹوپی پیش کی گئی۔ وزیر اعلیٰ کی آمد طے شدہ وقت سے تاخیر سے ہوئی، کیونکہ پشاور میں ایئر بلیو کی پرواز میں تاخیر کے باعث انہوں نے پی آئی اے کی دوسری پرواز کے ذریعے کراچی کا سفر کیا۔
وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے استقبال کے لیے پاکستان تحریک انصاف کے کارکنان بڑی تعداد میں کراچی ایئرپورٹ پہنچے، تاہم سیکیورٹی اور انتظامی وجوہات کی بنا پر کارکنان کو ایئرپورٹ کے احاطے میں داخل ہونے سے روک دیا گیا۔ 
اس سے قبل صبح سویرے پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی دفتر کے باہر لگائے گئے استقبالیہ کیمپ بھی ہٹا دیے گئے تھے۔
انتظامیہ کی جانب سے امن و امان اور سکیورٹی صورتحال کے پیش نظر سخت انتظامات کیے گئے تھے، جبکہ ایئرپورٹ اور اطراف کے علاقوں میں پولیس اور قانون نافذ کرنے والے ادارے الرٹ رہے۔
سیاسی حلقوں کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کی قیادت کو حالیہ دنوں میں پنجاب کے مختلف شہروں میں سیاسی سرگرمیوں کے دوران مشکلات کا سامنا رہا ہے۔
سینیئر صحافی اور تجزیہ کار رفعت سعید کا کہنا ہے کہ وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کو پنجاب میں بعض مقامات پر پارٹی رہنماؤں اور کارکنان کے اجتماعات اور ملاقاتوں میں رکاوٹیں سامنے آئیں، جبکہ کارکنان کی نقل و حرکت اور جلسوں میں بھی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ہے جس کے باعث ان کی پارٹی سرگرمیاں محدود رہیں۔ ان حالات کے تناظر میں کراچی کا یہ دورہ پی ٹی آئی کے لیے غیر معمولی اہمیت اختیار کر گیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اس کے برعکس سندھ حکومت کی جانب سے پاکستان تحریک انصاف کے رہنماؤں اور کارکنان کو سیاسی سرگرمیوں کی اجازت دی گئی ہے۔ پاکستان تحریک انصاف کو کراچی میں پارٹی اجلاسوں، کارکنان سے ملاقاتوں اور جلسے کے انعقاد کی اجازت فراہم کی گئی ہے، جسے پی ٹی آئی حلقوں میں ایک مثبت پیش رفت کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔

سندھ حکومت کی جانب سے پاکستان تحریک انصاف کے رہنماؤں اور کارکنان کو سیاسی سرگرمیوں کی اجازت دی گئی ہے (فوٹو: سکرین گریب)

اس سے قبل سندھ حکومت کے ترجمان اور میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے بھی وزیر اعلیٰ خیبر پختون خواہ کے سندھ کے دورے کے موقع پر مثبت ردعمل دیتے ہوئے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کسی پر کراچی آنے پر پابندی نہیں ہے، وزیراعلی خیبرپختونخوا سہیل آفریدی آئیں گے تو انہیں سکیورٹی فراہم کریں گے۔
واضح رہے کہ وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے تین روزہ دورۂ کراچی کے شیڈول کے مطابق پہلے روز وہ کراچی پہنچنے کے بعد پارٹی رہنماؤں سے ابتدائی ملاقاتیں کریں گے اور تنظیمی امور پر بریفنگ لیں گے۔ 
اسی روز وہ پاکستان تحریک انصاف کے کارکنان سے خطاب کریں گے، جس میں پارٹی کی موجودہ صورتحال اور آئندہ کی سرگرمیوں پر بات چیت متوقع ہے۔ بعد ازاں وہ کراچی پریس کلب کا دورہ کریں گے جہاں میٹ دی پریس پروگرام میں شرکت کرتے ہوئے صحافیوں کے سوالات کے جوابات دیں گے۔
دوسرے روز وزیر اعلیٰ حیدر آباد میں پاکستان تحریک انصاف کی مرکزی اور سندھ کی صوبائی قیادت کے ساتھ مشاورتی اجلاسوں میں شرکت کریں گے۔ ان اجلاسوں میں پارٹی کی تنظیمی صورتحال، آئندہ سیاسی حکمت عملی اور مجوزہ جلسے کی تیاریوں پر غور کیا جائے گا۔ اس روز مختلف سیاسی اور سماجی شخصیات سے ملاقاتیں بھی شیڈول ہیں، جبکہ شہر میں پارٹی سرگرمیوں کے حوالے سے رابطوں کا عمل جاری رہے گا۔
تیسرے اور آخری روز وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کراچی میں ہونے والے سیاسی جلسے سے خطاب کریں گے، جس میں پارٹی رہنماؤں اور کارکنان کی بڑی تعداد کی شرکت متوقع ہے۔
پاکستان تحریک انصاف کراچی کے ترجمان نے اردو نیوز کو بتایا کہ باغِ جناح گراؤنڈ میں جلسے کی اجازت کے لیے مزارِ قائد مینجمنٹ بورڈ کی جانب سے طلب کی گئی 25 لاکھ روپے کی رقم پے آرڈر کی صورت میں جمع کرا دی گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اتوار کو مزارِ قائد پر شام 4:30 بجے عظیم الشان جلسہ ہوگا۔
 سندھ حکومت ایک سینئر افسر نے اردو نیوز کو نام نہ ظاہر کرنے کی شرط پر بتایا کہ پاکستان تحریک انصاف کو جلسے کی باقاعدہ تـحریری اجازت فی الحال نہیں دی گئی ہے۔

شیئر: