Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’ خواہش تھی کہ فضاؤں میں اُڑوں اور اس کے لیے بڑی محنت کرنا پڑی‘

یاسمین کا کہنا ہے کہ بالاخر انہوں نے اپنے خوابوں کی تعبیر پالی (فوٹو: مز مز)
سعودی عرب کی پہلی خاتون کمرشل پائلٹ یاسمین المیمنی نے فضاؤں میں اڑنے کے اپنے خواب کی تعبیر پا لی ہے۔
سعودی عرب کی نجی فضائی کمپنی ’نسما ائیر‘ میں بطور معاون پائلٹ یاسمین نے پہلی کمرشل پرواز اڑائی۔
عربی نیوز ویب سائٹ ’مز مز‘ نے یاسمین کے عکاظ اخبار کو دیے گئے انٹرویو کے حوالے سے لکھا ہے کہ پہلی سعودی خاتون کو سول ایوی ایشن کی جانب سے کمرشل پائلٹ کا لائسنس جاری کیا گیا ہے۔
یاسمین نے عکاظ اخبار کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ ’میری  بچپن سے خواہش تھی کہ فضاؤں میں اُڑوں۔ مجھے اپنے خوابوں کی تعبیر پانے کے لیے بڑی محنت کرنا پڑی۔ میرے گھروالوں نے ہمیشہ اور ہر موقعے پر میرا ساتھ دیا اور میرا حوصلہ بڑھاتے رہے۔ بالآخراپنے خوابوں کی تعبیر پانے کا دن آگیا۔‘

نسما ائیر کے ڈائریکٹر آپریشنز کیپٹن احمد الجھنی کا کہنا ہے کہ ’یاسمین المیمنی 11 بہترین ٹرینیز میں تھیں (فوٹو اے ایف پی)

یاسمین نے مزید کہا کہ ’ابھی مجھے بہت کچھ حاصل کرنا ہے۔ میرے اس سفر کا آغاز معاون پائلٹ کے طور پر ہوا ہے، جبکہ میرا ہدف مکمل پائلٹ بننا ہے اور مجھے یقین ہے کہ مسلسل محنت اور حصول مقصد کے لیے خلوص نیت میری راہ کی ہر مشکل کو آسان بنا دے گی۔‘
یاسمین کا کہنا تھا کہ ’گزشتہ مارچ میں نجی ائیرلائن نسما میں کمرشل پائلٹ کے طور پر ٹریننگ کا آغاز کیا اور اب باقاعدہ پہلی پرواز لے کر قصیم سے تبوک پہنچی ہوں۔‘
دوسری جانب نسما ائیر کے ڈائریکٹر جنرل آپریشنز کیپٹن احمد الجھنی کا کہنا ہے کہ ’یاسمین المیمنی کمپنی کی 11 بہترین ٹرینیزمیں شامل تھیں۔ وہ اس پیشے سے انتہائی مخلص اور وقت کی پابند ہیں۔ دوران ٹریننگ یاسمین نے ہمیشہ اس بات کا ثبوت دیا کہ وہ کسی طرح بھی مردوں سے کم نہیں۔ ہمیں ان پر فخر ہے۔‘
یاسمین کی بطور معاون پائلٹ کے پہلی کمرشل پرواز سے یہ ثابت ہو گیا کہ سعودی خواتین دنیا کے کسی ملک کی خواتین سے کم نہیں وہ موقع ملنے پر وہ ہر کام کر سکتی ہیں جو مرد کرتے ہیں۔
ڈائریکٹر آپریشنز کا کہنا تھا کہ کمرشل پرواز کی تربیت کے لیے مختلف کورسز کرائے جاتے ہیں ابتدائی کورس سعودی عرب میں کرایا جاتا ہے جس کے لیے اے آر ٹی نوعیت کا طیارہ استعمال ہوتا ہے، جبکہ تربیت کا دوسرا مرحلہ سپین اور انڈونیشیا میں ہوتا ہے۔

شیئر: