Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی عرب میں پہلی مرتبہ اطالوی اوپرا کے فن کا مظاہرہ

سعودی عرب کے شہر ریاض میں وزارت ثقافت کے تحت شاہ فہد ثقافتی سینٹر میں معروف اطالوی اوپرا گروپ نے اپنے فن کا مظاہرہ کیا۔
تقریب کے آغاز پر سعودی فنکارہ سوسن البھیتی نے قومی ترانہ اوپرا کے مخصوص انداز میں گا کر سنایا۔ اس موقع پر تین ہزار سے زائد شائقین موسیقی موجود تھے جو سعودی عرب کے مختلف شہروں سے خصوصی طور پراطالوی اوپرا دیکھنے آئے تھے۔ 
سعودی عرب کی سرکاری خبررساں ایجنسی ایس پی اے  کے مطابق اطالوی اوپرا کی قیادت بینڈ ماسٹر پیٹرو میانیتی نے کی جبکہ ان کے ساتھ سوبرانو فراسیسکا مانزو اور الٹینور ریکارڈو شامل تھے۔  اس پروگرام میں موسیقی کے آٹھ سیشن ہوئے جن میں 19 ویں صدی کے فن موسیقی کو پیش کیا گیا۔

اٹالین آرکسٹرا جو کہ دنیا بھر میں اوپرا کے حوالے سے غیر معمولی شہرت کا حامل ہے نے قدیم اوپرا ’لاسکالا‘ پیش کیا جس کی تاریخ 250 سال قدیم ہے۔ یہ اطالوی بینڈ اوپرا کے لیے دنیا بھر میں غیر معمولی شہرت رکھتا ہے۔ 
 اطالوی بینڈ اوپرا کی تعلیم کے لیے بھی معروف ہے۔ بینڈ کی جانب سے تعلیمی کلب بھی قائم کیا گیا ہے جہاں موسیقی کی معروف دھنیں ترتیب دی جاتی ہے۔ 

اوپرا ایک قسم کا تھیٹر ہوتا ہے جس میں موسیقی کا بنیادی کردار ہوتا ہے اور اس میں موسیقی کے مختلف آلات استعمال ہوتے ہیں۔ دستیاب معلومات کے مطابق اوپرا کا آغاز 16 ویں صدی کے آخر میں ہوا اور جلد ہی اوپرا یورپ میں مقبول ہوا۔
اوپرا کی قیادت بینڈ ماسٹر کرتا ہے جبکہ باقی موسیقار بینڈ ماسٹر کی پیروی کرتے ہیں۔ 
 

شیئر: