Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مہاراجہ رنجیت سنگھ ایک بار پھر لاہور میں

پاکستان کے صوبہ پنجاب کے شہر لاہور کے شاہی قلعے کی مہارانی جنداں حویلی کے عقب میں پنجاب کے سابق سکھ حکمران مہاراجہ رنجیت سنگھ کا مجسمہ نصب کیا گیا ہے۔
یہ مجسمہ والڈ سٹی لاہور اتھارٹی اور ایس کے فاؤنڈیشن (یو کے) کے باہمی اشتراک سے مہاراجہ رنجیت سنگھ کی 180ویں برسی کے موقعے پر 27 جون 2019 کو نصب کیا گیا ہے۔
مجسمے کا وزن 250 سے 300 کلوگرام بتایا جا رہا ہے جس میں 85 فیصد کانسی کےعلاوہ پانچ فیصد ٹین، پانچ فیصد سیسہ اور پانچ فیصد زنک استعمال کیا گیا ہے۔ یہ شاندار جستی مجسمہ شاہی قلعہ میں آنے والوں کے لئے نئی اور منفرد اٹریکشن تصور کیا جا رہا ہے۔ مجسمہ کی تنصیب کے وقت دنیا بھر سے آئے سکھ یاتریوں نے خوشی اور دلچسپی کا اظہار کیاہے۔ اس سلسلے میں شاہی قلعہ میں شاندار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔
سمیت کور انڈیا سے آئی سکھ یاتری خاتون نے اردو نیوز اسے بات کرتے ہوئے کہا ’میرے والد لاہور میں پیدا ہوئے مجھے لگ رہا ہے میں اپنے باپ دادا کے شہر آئی ہوں۔ مہاراجا رنجیت سنگھ جی کا مجسمہ دیکھ کے بہت اچھا لگ رہا ہے کہ ایک ورثے کو سنبھال کے رکھا گیا ہے یہاں۔‘
والڈ سٹی اتھارٹی کے ڈائریکٹر کنزرویشن اینڈ پلاننگ نجم ثاقب کہتے ہیں ’مہاراجا رنجیت سنگھ کا سات فٹ لمبا جستی مجسمہ ایس کے فائونڈیشن کے چئیرمین ،معروف تاریخ دان بوبی سنگھ بنسال کی جانب سے تاریخ کو ایک تحفہ ہے،سکھ کمیونٹی اس حوالے سے بہت خوش اور پر جوش ہے۔ ہم چاہتے ہیں کہ جب سکھ کمیونٹی جو پہلے ہی پاکستان اور بالخصوص لاہور سے دلی رغبت رکھتی ہے جب وہ لوگ لاہور آئیں تو انہیں مذہبی، روحانی اور ثقافتی خوشی کا احساس ہو۔
ایس کے فائونڈیشن یوکے کے چئیرمین بوبی سنگھ بنسال کہتے ہیں ’ہماری فائونڈیشن دنیا بھر میں پنجاب کے کلچر اورسیاحت کے فروغ کے لئے کام کر رہی ہے ہمیں اپنی آئندہ نسلوں میں اپنی ثقافت اور ورثہ کو آرٹ کے ذریعے منتقل کرنا چاہئے۔ مہاراجا رنجیت سنگھ کی فتوحات پنجابیوں اور سکھوں کے لئے قابلِ فخر ہیں۔ یہ مجسمہ پاکستان میں رہنے والی اور پاکستان آنے والی سکھ کمیونٹی کے لئے تحفہ ہے۔ مہاراجا رنجیت سنگھ نے صرف سکھوں کو ہی شاندار زندگی نہیں ‘دی بلکہ ان کی فتوحات نے اس پورے خطے کے ہر مذہب سے تعلق رکھنے والے انسان کی زندگی کو متاثر کیا ہے وہ صحیح معنوں میں ہمارا فخر اور شیر پنجاب تھے۔

سکھ حکمران مہاراجا رنجیت سنگھ کی ایک سو اسویں برسی کے موقع پر نصب کیا گیا ہے۔

ڈائریکٹر جنرل لاہور والڈ سٹی اتھارٹی کامران لاشاری کہتے ہیں ’یہ مجسمہ مذہبی سیاحت کو فروغ دینے کی جانب اچھا قدم  ہے۔ پاکستانی پر امن اور تمام مذاہب سے پیار کرنے والے لوگ ہیں۔ ہم ایسے اقدامات کی حوصلہ افزائی کرتے ہیں۔ ‘میں سمجھتا ہوں کہ اس سے پاکستان میں آنے والے سیاحوں کے لئے اٹریکشن میں اضافہ ہوا ہے۔
‘وزیر سیاحت پنجاب راجا یاسر ہمایوں نے اردو نیوز سے بات کرتے ہوئے کہا ’گورنمنٹ کوشش کر رہی ہے کہ دنیا بھر میں پاکستان کے سافٹ امیج کو پیش کیا جائے یہ اسی سلسلے کی کڑی ہے۔
مہاراجا رنجیت سنگھ 13 نومبر 1780 میں پنجاب کے شہر گوجرانوالہ میں پیدا ہوئے۔انہیں پنجاب میں سکھ سلطنت کا بانی کہا جاتا ہے۔

شیئر: