Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

میچ کے دوران ہوا میں پاکستان مخالف بینرز

پاکستان، افغانستان کے درمیان میچ میں دونوں ملکوں کے تماشائی آپس میں لڑ پڑے تھے۔ تصویر: اے ایف پی
پاکستان نے کہا ہے کہ اس کو برطانیہ کے ہیڈنگلے سٹیڈیم میں پاک افغان کرکٹ میچ کے دوران فضا میں جہاز کے ذریعے پاکستان مخالف بینرز لہرائے جانے اور تماشائیوں کے ایک مخصوص گروپ کے پاکستانی کھلاڑیوں سے ناروا سلوک اور جھگڑے پر شدید تشویش ہے۔
اتوار کو پاکستانی دفتر خارجہ کے ترجمان کی جانب سے جاری کیے گئے بیان کے مطابق ’کھیلوں کے مقامات کو اس  طرح کے گھناؤنے پروپیگنڈے کے لیے استعمال کرنا قابل قبول نہیں۔‘
خیال رہے کہ سنیچر کو برطانیہ کے شہر لیڈز کے ہینڈنگلے سٹیڈیم میں کرکٹ کے عالمی کپ کے پاکستان اور افغانستان کے درمیان کھیلے گئے میچ میں گراؤنڈ کے باہر اور سٹینڈز میں دونوں ملکوں کے تماشائی آپس میں لڑ پڑے تھے۔

کرکٹ کی عالمی کونسل نے جھگڑا کرنے والے شائقین کے خلاف کارروائی کا اعلان کیا ہے۔ تصویر: افغان کرکٹ بورڈ

میچ کے دوران ایک چھوٹے جہاز نے دو بار سٹیڈیم کے اوپر سے پرواز کی اور پاکستان مخالف بینرز لہرائے جن پر انگریزی میں نعرے درج تھے۔
پاکستان کے دفتر خارجہ کے بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ ’ہم امید ظاہر کرتے ہیں کہ کھیلوں اور قانون نافذ کرنے والوں اداروں کے متعلقہ حکام اس معاملے کی مکمل تفتیش کرکے ذمہ داروں کو سزاوار ٹھہرائیں گے۔‘

پاکستان نے کہا ہے کہ متعلقہ حکام کو ان واقعات کی تفتیش کرنا چاہیے۔ 

دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ اس معاملے کو سفارتی چینلز سے بھی اٹھایا گیا ہے۔
ادھر خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق عالمی کرکٹ کونسل آئی سی سی نے کہا ہے کہ وہ ان شائقین کے خلاف کارروائی کرے گی جو پاکستان اور افغانستان کے مابین میچ سے قبل جھگڑے میں ملوث تھے۔
آئی سی سی کے ترجمان نے کہا کہ ’شائقین کی ایک اقلیت کے درمیان جھگڑے سے آگاہ ہیں اور مقامی پولیس حکام اور گراؤنڈ کی سکیورٹی ٹیم کے ساتھ مل کر کام کر رہے ہیں۔‘
ترجمان نے کہا کہ اس طرح کے رویے کو نظر انداز نہیں کیا جا سکتا اور ’کسی بھی ایسے رویے پر کارروائی کریں گے جو شائقین کی اکثریت کے لطف اٹھانے کو خراب کرے۔‘

شیئر: