Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

امریکہ نے بلوچستان لبریشن آرمی کودہشت گرد تنظیم قرار دے دیا

 امریکا نے بلوچستان لبریشن آرمی (بی ایل اے) کو دہشتگرد تنظیم قرار دے دیا۔ پاکستان نے پابندی کا خیر مقدم کیا ہے۔
’اے ایف پی‘ کے مطابق واشنگٹن کی جانب سے یہ اقدام بی ایل اے کے ان دہشتگرد حملوں کے بعد کیا گیا جن میں چینی مفادات کو نشانہ بنایا گیا تھا۔ امریکی پابندی کے بعد امریکا میں موجود کسی بھی شخص کی طرف سے گروپ کی معاونت قابل سزا جرم ہوگی۔ کالعدم تنظیم کے اثاثے اگر امریکا میں موجود ہوئے تو انہیں منجمد کر دیا جائے گا۔
امریکی محکمہ خارجہ سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ بلوچستان لبریشن آرمی مسلح گروپ ہے جو پاکستان اور بالخصوص بلوچ علاقوں میں سکیورٹی فورسز اور شہریوں کو نشانہ بناتا ہے۔
ترجمان پاکستانی دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ بی ایل اے ملک میں کئی دہشتگردی کی کارروائیوں میں ملوث ہے۔ بی ایل اے 2006 سے پاکستان میں کالعدم قرار دی جا چکی ہے۔ یہ تنظیم ملک میں کئی دہشتگرد حملوں میں ملوث رہی ہے۔

 بیان میں ترجمان نے امید ظاہر کہ امریکا کی طرف سے دہشت گرد فہرست میں شامل کیے جانے سے ’بی ایل اے‘ کی آپریٹ کرنے کی گنجائش کم ہوجائے گی۔
ترجمان کے مطابق اہم بات یہ ہے کہ پاکستان میں دہشت گردی کو ہوا دینے، اس کے آرگنائزرز، فنانسرز اور بیرونی سپانسرز کا بھی احتساب کیا جائے گا اور انصاف کے کٹہرے تک پہنچایا جائے گا۔
 و اضح رہے کہ بی ایل اے نے پاکستان میں چینی شہریوں کو کئی مرتبہ نشانہ بنایا ہے جن میں نومبر 2018  کا کراچی میں چینی قونصلیٹ پر دہشت گرد حملہ بھی شامل ہے۔
 بلوچستان کے ساحلی شہر گوادر کے فائیو سٹار ہوٹل کو بھی نشانہ بنایا گیا تھا۔ کالعدم تنظیم نے دونوں واقعات کی ذمہ داری قبول کی تھی۔
واضح رہے کہ برطانیہ پہلے ہی بی ایل اے کو دہشت گرد تنظیم قرار دے چکا ہے۔ حکومت پاکستان طویل عرصے سے امریکا سے بھی بی ایل اے کو دہشت گرد تنظیم قرار دینے کا مطالبہ کر رہی تھی۔ کراچی میں چینی قونصلیٹ اور گوادر میں فائیو سٹار ہوٹل پر دہشت گرد حملوں کے بعد عالمی اداروں اور اہم ملکوں کے سامنے سفارتی ذرائع سے یہ معاملہ اٹھایا گیا تھا۔

شیئر: