Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ورلڈ کپ : ’ولیمسن ساڈا شیر اے، باقی ہیر پھیر اے‘

انگلینڈ اور نیوزی لینڈ کے درمیان کرکٹ ورلڈ کپ کا 41 واں میچ جاری ہے۔ انگلینڈ کی شکست پاکستان کے حق میں جاتی ہے اور سوشل میڈیا پر پاکستانی مزے لے کر اس میچ پر تبصرے کر رہے ہیں۔
ہر میچ کے اختتام پر نہایت عجیب اور لاجواب کردینے والے ٹرینڈز کے علاوہ میچز پر بننے والی میمز میں بھی مقابلہ سخت ہے اور سوشل میڈیا بالخصوص ٹوئٹر پر چلنے والی مزے دار بحث کی وجہ سے پاکستانی سوشل میڈیا صارفین اپنے مزاح کی وجہ سے کافی مقبولیت حاصل کر رہے ہیں۔
پاکستانی اداکارہ سبور علی نے کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد کی تصویر نیوزی لینڈ کے کپتان کے ساتھ لگاتے ہوئے آج اس کے انگلینڈ کے ساتھ میچ کے حوالے سے اس تصویر کا عنوان پوچھا جس کے جواب میں ٹوئٹر صارفین نے بے حد دلچسپ جوابات کے ذریعے اپنے خیالات کا اظہار کیا ہے۔

طیب حسین نے ایک پوسٹر شئیر کیا جس میں نیوزی لینڈ کی حمایت میں یہ الفاظ درج ہیں:
سارے جہان سے اچھا نیوزی لینڈ ہمارا
ہم بلبلیں ہیں اس کی یہ گلستان ہمارا

اس تصویر کی مناسبت سے ٹوئٹر صارف عمران شاہ کا کہنا تھا کہ ہم انگلینڈ سے ہار جائیں گے تم بنگلہ دیش سے جیت جانا۔

آئی سی سی کی جانب سے شئیر ہونے والی تصویر جس میں تمام کرکٹ ٹیموں کے کپتان موجود ہیں، کو ٹوئٹر صارف سیف اللہ نے شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ مورگن کا بیٹھنے کا انداز ایسا ہے جیسے ابھی اٹھ کر بھاگ جائیں گے اور انہوں نے نیوزی لینڈ کپتان ولیم کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اسے بھگا دو۔

ایک صارف ریحان نے تمام پاکستانی پلیئرز کے ناموں کا پہلا حصہ لے کر انہی نیوزی لینڈ کے کھلاڑیوں کے ناموں کو جوڑ کر لکھ دیا، جیسے سرفراز لتھام اور سینٹنر ریاض۔

انیلا خواجہ نامی ہینڈل نے انگلینڈ بمقابلہ نیوزی لینڈ کے ٹرینڈ میں حصہ لیتے ہوئے ایک میم شیئر کیا جس میں نیوزی لینڈ کپتان ولیم کا سر وزیراعظم عمران خان کی تصویر پر لگا کر لکھا گیا ہے کہ ’میرے پاکستانیو! آپ نے گھبرانا نہیں ہے۔‘

ارسلان نے لکھا ’پاکستان نیوزی لینڈ بھائی بھائی، اور انگلینڈ ہدف‘۔

پاک گرل کے ٹوئٹر ہینڈل سے ٹویٹ کی گئی کہ:
ولیم سن ساڈا شیر اے، باقی سب ہیر پھیر اے

 

شیئر: