’آئی بسنت‘، جشن کے لیے خصوصی گانا ریلیز، مریم نواز کا ذکر بھی شامل
’آئی بسنت‘، جشن کے لیے خصوصی گانا ریلیز، مریم نواز کا ذکر بھی شامل
جمعرات 29 جنوری 2026 18:22
جیسے ہی بسنت قریب آرہی ہے لوگوں کا جوش و خروش بھی بڑھ رہا ہے، جس میں ایک اضافہ خصوصی گانے ’آئی بسنت‘ کا ہے۔
اس گانے میں بسنت کی خوشیوں کے علاوہ لاہور اور وزیراعلٰی پنجاب مریم نواز کا ذکر بھی موجود ہے۔
چند روز بعد لاہور میں بسنت کا آغاز ہونے والا ہے۔ اس بار یہ تہوار 25 برس بعد آرہا ہے اور لوگوں کو طویل مدت کے بعد اپنا شوق پورا کرنے کا موقع مل رہا ہے۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ یہ ایک ایسا موقع ہے جس میں وہ اپنے پرانے دور کی یادیں تازہ کریں گے اور وہ اس کے لیے بے چین ہیں۔
پنجاب حکومت کی جانب سے کیے گئے اعلان کے مطابق بسنت کا تہوار چھ سے آٹھ فروری تک صرف لاہور میں منایا جا رہا ہے۔
اس خوشی کے موقع پر ’آئی بسنت‘ گانا بھی ریلیز ہو گیا ہے جس کو سونو نامی گلوکار نے گایا ہے اور اس میں اتنے طویل عرصے بعد اس تہوار کی آمد کا ذکر ملتا ہے۔
اسی طرح اس میں وزیراعلٰی مریم نواز کو بھی خراج تحسین پیش کیا گیا ہے۔
گانے کے چند اشعار کچھ یوں ہیں، ’مریم نے سجا دتا اے سارا لاہور، جی او مریم نواز، لاہور لاہور اے۔‘
خیال رہے کہ چند روز قبل پنجاب حکومت کی کیے گئے اعلان میں بتایا گیا تھا کہ ’محفوظ بسنت‘ کی اجازت دی گئی ہے اور اس کے لیے کائٹ فلائنگ آرڈیننس 2025 کے تحت قوانین نافذ کیے گئے ہیں جن پر عمل درآمد ضروری ہو گا اور خلاف ورزی پر سزا دی جائے گی۔
اسی طرح لاہور کے کمشنر کی جانب سے کہا گیا ہے کہ پتنگ اور ڈور کی فروخت کی اجازت صرف یکم فروری سے 8 فروری 2026 تک ہو گی، جبکہ چھ فروری سے قبل ضلع لاہور میں پتنگ بازی کی قطعی اجازت نہیں ہوگی۔
دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف کے رکن صوبائی اسمبلی شیخ امتیاز نے بسنت فیسٹیول کے موقع پر پتنگوں پر تصاویر چھاپنے اور مخصوص گانوں پر عائد پابندی کے خلاف لاہور ہائی کورٹ سے رجوع کیا ہے۔
ایم پی اے کی جانب سے دائر متفرق درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ انتظامیہ نے بسنت کے موقع پر پتنگوں پر کسی بھی سیاسی جماعت یا رہنما کی تصویر چھاپنے پر پابندی عائد کر رکھی ہے، جو شہریوں کے بنیادی حقوق کے منافی ہے۔
تاہم انتظامیہ کا موقف ہے کہ تمام اقدامات شہریوں کی حفاظت اور محفوظ بسنت کے انعقاد کو یقینی بنانے کے لیے کیے جا رہے ہیں۔