Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’ہم سکاٹ لینڈ جیسے نہیں‘، آئس لینڈ کی ٹی20 ورلڈ کپ میں پاکستان کی جگہ لینے سے طنزیہ معذرت

آئس لینڈ کرکٹ کی جانب سے اس سے پہلے بھی مزاحیہ پوسٹس سامنے آچکی ہیں (فوٹو: آئس لینڈ کرکٹ)
آئس لینڈ کرکٹ ایسوسی ایشن نے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کو مخاطب کرتے ہوئے اپنے آفیشل ایکس اکاؤنٹ پر ایک مزاحیہ پیغام شیئر کیا ہے جس میں ٹی20 ورلڈ کپ میں پاکستان کی ممکنہ جگہ لینے سے معذرت کا اعلان کیا گیا ہے۔
آئس لینڈ کرکٹ ایسوسی ایشن نے اپنے بیان میں کہا کہ وہ بھاری دل کے ساتھ یہ اعلان کر رہے ہیں کہ وہ آئندہ ٹی20 ورلڈ کپ میں پاکستان کی جگہ لینے کے لیے دستیاب نہیں ہیں۔
بیان میں کہا گیا کہ مختصر وقت کے باعث ان کے لیے پیشہ ورانہ انداز میں تیاری ممکن نہیں، اس لیے وہ اس عالمی ایونٹ میں مؤثر انداز میں مقابلہ نہیں کر سکتے۔
ایسوسی ایشن نے طنزیہ انداز میں کہا کہ ’ہم سکاٹ لینڈ کی طرح نہیں ہیں کہ بغیر کسی تیاری اور کِٹ سپانسر کے اچانک کہیں بھی پہنچ جائیں۔‘
مزید کہا گیا کہ آئس لینڈ کی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑی مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھتے ہیں اور وہ اچانک اپنی ملازمتیں چھوڑ کر دنیا کے دوسرے کنارے سفر نہیں کر سکتے، خاص طور پر ایسی گرمی میں جو عام طور پر فن لینڈ کے ’سوانا باتھ‘ میں محسوس کی جاتی ہے۔
بیان میں ٹیم کے کپتان کو ’پیشہ ور بیکر‘ قرار دیتے ہوئے کہا گیا کہ ’ہمارے کپتان کو اپنے اوون کی دیکھ بھال کرنا ہوتی ہے، ہمارے ایک کھلاڑی کو جہاز چلانا ہوتا ہے اور ہمارے بینکاروں کو (ایک بار پھر) دیوالیہ ہونا ہوتا ہے، یہی شوقیہ کرکٹ کی تلخ حقیقت ہے۔‘
آئس لینڈ کرکٹ ایسوسی ایشن کا کہنا تھا کہ اس فیصلے سے ان کے شائقین کو شدید مایوسی ہوگی، تاہم انہوں نے دعویٰ کیا کہ وہ دنیا کا سب سے پُرامن ملک ہونے کے باوجود سوشل میڈیا پر ایک بڑی فوج رکھتے ہیں اور ایکس پر دنیا کا 14واں سب سے زیادہ فالو کیا جانے والا قومی کرکٹ بورڈ ہیں۔
بیان میں تاریخی حوالہ دیتے ہوئے کہا گیا کہ ’ہم ڈچ ٹیم کو وہ سب سے بڑا جھٹکا دینے کے لیے تیار تھے جو انہیں 1693 میں ولیم آف اورنج کی لینڈن کی جنگ میں شکست کے بعد ملا تھا۔‘
آخر میں آئس لینڈ کرکٹ ایسوسی ایشن نے کہا کہ ان کی عدم دستیابی ممکنہ طور پر یوگنڈا کے لیے فائدہ مند ثابت ہو سکتی ہے اور انہوں نے یوگنڈا ٹیم کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا، تاہم اس کے ساتھ یہ طنزیہ جملہ بھی شامل کیا کہ ’ان کی کٹس نظرانداز نہیں کی جا سکتیں، البتہ اگر کسی کو مرگی ہے تو بہتر ہے ان سے دور ہی رہے۔‘
بیان کے اختتام پر آئس لینڈ کرکٹ ایسوسی ایشن نے فلسفیانہ انداز میں کہا کہ ’مستقبل ہمیشہ برف جیسا ہوتا ہے جب تک کہ وہ پگھل نہ جائے۔‘
یہ پہلا موقع نہیں جب آئس لینڈ کرکٹ کی جانب سے کوئی مزاحیہ پوسٹ کی گئی ہے۔ اس سے قبل انہوں نے پاکستان کے ٹی20 ورلڈ کپ میں شرکت سے متعلق فیصلے پر تاخیر پر بھی تبصرہ کیا تھا۔
آئس لینڈ کرکٹ نے کہا تھا کہ ’بظاہر پاکستان دو فروری تک یہ حتمی فیصلہ نہیں کرے گا کہ وہ ٹی20 ورلڈ کپ میں اپنی جگہ لے گا یا نہیں۔ یہ ہماری ٹیم کے ساتھ انتہائی چالاکی اور ناانصافی ہے، کیونکہ بہترین کارکردگی کے لیے ہمیں واضح صورتحال اور بھرپور تیاری کی ضرورت ہوتی ہے۔ ویسے بھی ہمارے کپتان ایک پروفیشنل بیکر ہیں۔‘

شیئر: