Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’ایک جج نہیں بلکہ پوری عدلیہ کی ساکھ پر انگلیاں اٹھائی گئیں‘

وزیر اعظم کی معاون خصوصی اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان نے مریم نواز کی پریس کانفرنس کو اداروں پر خودکش حملہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ من گھڑت اور بے بنیاد الزامات کے ذریعے ایک جج پر نہیں بلکہ پوری عدلیہ کی ساکھ پر انگلیاں اٹھائی گئی ہیں۔
مسلم لیگ ن کی مرکزی قیادت کی پریس کانفرنس کے ردعمل میں لاہور میں جوابی پریس کانفرنس کرتے ہوئے فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ مریم نواز نے نواز شریف کو بچانے کے لیے جس شخص کو استعمال کیا وہ مبینہ طور پر پانچ افراد کو قتل کرکے برطانیہ فرار ہوا تھا جہاں وہ نواز شریف کا باڈی گارڈ رہا۔
انھوں نے کہا کہ ن لیگ کی حکومت نے ناصر بٹ کو پاکستان لا کر انہیں مبینہ طور پر مقدمات میں بری کروایا اور اب اسے اپنے مقصد کے لیے استعمال کیا۔ ان کا کہنا ہے کہ اس آڈیو اور ویڈیو کی کوئی ساکھ نہیں پھر بھی اس کا فرانزک آڈٹ کرایا جائے گا اور قوم سے کچھ نہیں چھپایا جائے گا۔

مریم نواز نے لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے نئے انکشافات کیے ہیں۔
مریم نواز نے کہا ہے کہ حکومت ان کے خلاف انتقامی کارروائی کر رہی ہے۔

فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ مسلم لیگ ن اگر سمجھتی ہے کہ یہ ویڈیو اس قابل ہے کہ اس سے نواز شریف کی سزا معاف ہو سکتی ہے تو اسے ہائی کورٹ میں پیش کیوں نہیں کیا؟ انھوں نے مزید کہا کہ ’اب بھی اداروں کو بدنام کرنے اور بے بنیاد پروپیگنڈہ کرنے کے بجائے اگر کوئی ثبوت ہے تو اسے عدالتوں میں لیکر جائیں۔‘
معاون خصوصی اطلاعات نے کہا کہ آج بھتیجی نے چچا کو کونے میں لگا کر قوم کو گمراہ کرنے کی کوشش کی ہے لیکن ان کی ہنڈیا بیچ چوراہے ٹوٹ گئی ہے۔

شیئر: