Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کترینہ کیف کی سالگرہ: ’خوش و خرم لڑکیاں حسین ترین ہوتی ہیں‘

کترینہ کیف کی 40 ویں فلم ’سوریہ ونشی‘ آئندہ برس ریلیز ہو گی، تصویر: اے ایف پی
بالی وڈ کی بے بی ڈول کترینہ کیف ان دنوں میکسیکو میں چھٹیاں منا رہی ہیں اور سوئمنگ کے لباس میں اپنی تصاویر شیئر کر رہی ہیں۔
آج منگل کو ان کا 36 واں یوم پیدائش ہے اور اس موقعے پر ان کے ساتھ  کون ہو گا یہ کہنا مشکل ہے، لیکن اتنا تو کہا جا سکتا ہے کہ بالی وڈ میں ان کا سولھواں سال جاری ہے جسے کامیابی سے تعبیر کیا جا سکتا ہے۔
فلم ساز زویا اختر نے ان کی تصویر پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے لکھا کہ ’خوش و خرم لڑکیاں حسین ترین ہوتی ہیں‘ جبکہ مصنف رابرٹ ڈریک نے لکھا ’یہاں آپ بہت خوش نظر آ رہی ہیں۔‘ ان کے ایک مداح نے لکھا کہ اسی طرح آپ خوش رہیں۔ ہم آپ کے چہرے پر خوشی دیکھنا چاہتے ہیں، ہم واقعی آپ کو چاہتے ہیں' جبکہ ایک دوسرے نے لکھا ’سمندر میں گم اتنی خوبصورت تاہم اتنی آزاد۔‘
اتنی ساری باتیں اگر سالگرہ سے پہلے ہی مل جائيں تو بھلا سوچیے کہ سالگرہ پر کیسے کیسے پیغامات کہاں کہاں سے آئيں گے۔

کترینہ کیف نے 2003 میں انڈیا کے سپر سٹار امیتابھ بچن کے ساتھ اپنے فلمی کیریئر کا آغاز کیا، فوٹو: اے ایف پی

ہانگ کانگ میں پیدا ہونے والی برطانوی شہری کترینہ کیف کو بالی وڈ راس آ گیا ہے۔ 2003 میں انڈیا کے سپر سٹار امیتابھ بچن کے ساتھ اپنے فلمی کریئر کا آغاز کرنے والی ادکارہ نے بالی وڈ میں بیتے اپنے 16 برسوں کے بارے میں کہا ’یہ حیرت انگیز تھا، بہت محنت کی اور ناظرین سے ڈھیر ساری محبتیں ملیں۔‘
لیکن اگر دیکھا جائے تو کترینہ کیف کو نہ صرف ناظرین سے محبتیں ملیں بلکہ انھیں ان کے ہیروز سے بھی محبتیں ملیں، لیکن ساتھ میں انہیں مایوس کن بریک اپ کا بھی سامنا رہا۔ ان کے بریک اپ پر انھیں رنج ہوا یا نہیں، لیکن ان کے مداحوں کو ضرور ہوا تھا۔ شاید اسی لیے شیلا کی جوانی جیسے آئٹم سانگ کرنے والی اداکارہ نے ایک انٹرویو میں کہا تھا ’یہ بہت ہی عجیب جگہ ہے جہاں کامیابی کی کوئی گارنٹی نہیں۔‘
لیکن کامیابی نے ان کے قدم چومے اور اب تک وہ انڈیا کی مختلف زبانوں کی 39 فلموں میں اپنی اداکاری کے جوہر دکھا چکی ہیں اور ان کی 40 ویں فلم ’سوریہ ونشی‘ روہت شیٹی کی ہدایت میں آئندہ سال ریلیز ہو گی۔

کترینہ کو اپنے فلمی کیرئیر کی سب سے بڑی کامیابی سلمان خان کے ساتھ 2007 میں ملی۔ فوٹو: اے ایف پی

کترینہ کیف پہلے سلمان خان کی پسند بنیں اور ان کے ساتھ ایک عرصے تک ان کی قربت رہی پھر کسی واقعے نے ان دونوں کو دور کر دیا اور اداکار رنبیر کپور ان کی زندگی میں آئے لیکن پھر رنبیر کپور عالیہ بھٹ کے ساتھ نظر آنے لگے۔ عالیہ بھٹ ان کی اچھی دوست تھیں لیکن وہ کسی کے سر اس بریک اپ کا الزام نہیں دیتیں۔
فلم فیئر کے ساتھ ایک انٹرویو میں انھوں نے کہا ’جب آخری بار میرا رشتہ ختم ہوا تو میں اپنے اور اپنی زندگی کے بارے میں سوچنے پر مجبور ہوئی اور جس طرح میں زندگی گزار رہی تھی اس کے بارے میں سوچا۔ جو کچھ متوقع تھا وہ ہوا اور ہر چیز کے ہونے کی وجہ ہوتی ہے۔‘

کترینہ کہتی ہیں کہ رنبیر کے ساتھ رشتہ ختم ہونے کے بعد وہ اپنی زندگی کے بارے میں سوچنے پر مجبور ہوئیں۔ فوٹو: اے ایف پی

کترینہ کیف نے اب تک بالی وڈ کے سارے بڑے ستاروں کے ساتھ فلموں میں اداکاری کی ہے لیکن اکشے کمار کے ساتھ ان کی فلمیں سب سے زیادہ ہیں تاہم انھیں بڑی کامیابی سلمان خان کے ساتھ 2007 میں ملی اور اس کے بعد انھوں نے پیچھے مڑ کر نہیں دیکھا۔
اگر ان کی حالیہ فلموں پر نظر ڈالیں تو 'جگا جاسوس' کی ناکامی کے بعد سلمان خان کے ساتھ ان کی فلم 'ٹائيگر زندہ ہے'، عامر خان کے ساتھ 'ٹھگز آف ہندوستان'، شاہ رخ خان کے ساتھ 'زیرو' اور سلمان خان کے ساتھ 'بھارت' ان کی کامیابی کی داستان سناتی نظر آتی ہیں۔

کترینہ کیف کی اکشے کمار کے ساتھ  فلموں کی تعداد سب سے زیادہ ہے۔ فوٹو: اے ایف پی

 کترینہ اب میکسیکو سے اپنی تصاویر شیئر کر رہی ہیں جنہیں ان کے مداح بہت پسند کر رہے ہیں لیکن اس کے ساتھ ہی بالی وڈ کے ایک پرانے گيت کا مکھڑا یاد آتا ہے:
تم اتنا جو مسکرا رہی ہو
کیا غم ہے جس کو چھپا رہی ہو

شیئر: