’دیکھ کر شرما جاتی تھی‘، اکشے کھنہ جب کرینہ کپور کا کرش تھے
’دیکھ کر شرما جاتی تھی‘، اکشے کھنہ جب کرینہ کپور کا کرش تھے
بدھ 21 جنوری 2026 5:37
کرینہ کپور نے بتایا کہ ’فلموں میں آنے سے قبل میں کرشمہ کپور کے ہمراہ فلموں کی شُوٹنگ دیکھا کرتی تھی‘ (فائل فوٹو: اے ایف پی)
اداکار اکشے کھنہ 5 دسمبر 2025 کو ریلیز ہونے والی فلم ’دھورندر‘ کی کامیابی کے بعد آج کل خبروں میں ہیں۔
پہلے فلم ’چھاوا‘ اور اب ’دھورندر‘ میں اُن کی اداکاری کی فلم ناقدین بھی تعریف کر رہے ہیں، تاہم
دیکھا جائے تو اکشے کھنہ آج کل شہرت کی بلندیوں پر ہیں اور اِس سے قبل بھی ایک وقت ایسا تھا جب وہ خواتین جن میں بالی وڈ کی اداکارائیں بھی شامل ہیں، کا کرش ہوا کرتے تھے۔
کتاب ’دی سٹائل ڈائری آف بالی وڈ دیوا‘ (جس کی شریک مصنفہ خود کرینہ کپور ہیں) کے مطابق ایک مرتبہ بالی وڈ کی بیبو نے یہ تسلیم کیا کہ وہ اکشے کھنہ سے کس قدر متاثر تھیں۔
کرینہ کپور نے بتایا کہ ’فلم انڈسٹری میں قدم رکھنے سے قبل میں اپنی ہمشیرہ کرشمہ کپور کے ہمراہ فلموں کے سیٹس پر جا کر طویل شُوٹنگ دیکھا کرتی تھی۔‘
ماضی کو یاد کرتے ہوئے اُن کا کہنا تھا کہ ’ہم دونوں کی عمر میں چھ سال کا فرق تھا اور جب ’لولو‘ (کرشمہ کپور) نے بالی وڈ میں قدم رکھا تو میں اُس وقت بھی بچی تھی۔‘
’لولو اس وقت انڈسٹری میں بہت دِلکش اداکارہ سمجھی جاتی تھیں جنہوں نے اُس وقت کے تمام بڑے ہیروز کے ساتھ رُومانوی کردار کیے اور وہ ہمیشہ توجہ کا مرکز بنی رہیں۔‘
اداکارہ کرینہ کپور نے تسلیم کیا کہ باقی اداکاروں کے مقابلے میں اکشے کھنہ نے اُنہیں زیادہ متاثر کیا۔ انہوں نے بتایا کہ ’اس وقت مجھے اکشے کھنہ پر شدید کرش تھا‘ اور جب بھی مجھے وہ کہیں قریب نظر آتے تو انہیں دیکھ کر شرما جاتی تھی۔‘
’دھورندر‘ میں ’رحمان ڈکیٹ‘ کے کردار اور مشہور رقص کی وجہ سے اکشے کھنہ آج کل خبروں میں ہیں (فائل فوٹو: سکرین گریب)
’میں اُس وقت بہت سے خوابوں میں کھوئی ہوئی تھی، لیکن مشہور کرینہ والا اعتماد مجھے یہ بات ہر اُس شخص کو بتانے سے نہیں روک سکا جو یہ سننے کو تیار ہو کہ ایک روز میں بھی اتنی ہی مشہور اداکارہ بنوں گی۔‘ کرینہ کپور اور اکشے کھنہ ایک ساتھ فلم ’ہلچل‘ میں جلوہ گر ہوئے
جو لوگ یہ نہیں جانتے اُن کے لیے بتاتے چلیں کہ اُس وقت یہ افواہ گرم تھی کہ اکشے کھنہ، کرشمہ کپور کو ڈیٹ کر رہے ہیں۔
متعدد میڈیا رپورٹس کے مطابق کرشمہ کپور اور اکشے کھنہ شادی کرنے والے تھے لیکن کرشمہ کی والدہ ببیتا آڑے آگئیں اور انہوں نے اس رشتے کو نامنظور کردیا۔
رپورٹس میں مزید بتایا گیا کہ اُس وقت کرشمہ کپور اپنے کیریئر کے عروج پر تھیں جبکہ اکشے کھنہ کئی فلاپ فلمیں دے چکے تھے۔
اُن کی والدہ کا خیال تھا کہ ابھی اُن کی بیٹی شہرت کی بلندیوں پر ہیں اور اکشے کھنہ کے ساتھ شادی سے اُن کے کیریئر کو نقصان پہنچ سکتا ہے، اور پھر اِس طرح اکشے کھنہ اور کرشمہ کپور شادی کے بندھن میں نہ بندھ سکے۔
یاد رہے کہ کرینہ کپور اور اکشے کھنہ نے 2004 میں ریلیز ہونے والی بالی وڈ کی رومانوی کامیڈی فلم ’ہلچل‘ میں بطور ہیروئن اور ہیرو ایک ساتھ کام کیا۔