Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

خطرناک صحرا " ربع الخالی " میں پھنس جانیوالے افراد کو کیسے بچایا گیا؟ 

دنیا کا دوسرا بڑا صحرا ربع الخالی سعودی عرب کے جنوب مشرقی میں واقع ہے ۔
سعودی کوسٹ گارڈ نے دنیا کے سب سے خطرناک صحرا " ربع الخالی " میں پھنس جانے والے 6 افراد کو بحفاظت نکال لیا ۔ متاثرین جن میں 3 کا تعلق ڈنمارک ، ایک کینڈین اور 2 سعودی تھے صحراءمیں ایڈونچر کےلئے گئے تھے کہ انکی دونوں گاڑیاں ریت میں دھنس گئی تھیں ۔ العربیہ نیوز نیٹ نے سعودی کوسٹ گارڈ کے حوالے سے بتایا ہے کہ متاثرین نے دمام میں کوسٹ گارڈز سے رابطہ کیا ۔ امدادی ٹیم نے جی پی ایس سسٹم کی مدد سے انہیں ٹریس کیا ۔
کوسٹ گارڈ کے ترجمان میجر مسفر القرنی نے بتایا کہ مقامی شہری کی جانب سے امدادی کال موصول ہوئی جس میں کہا گیا کہ ربع الخالی کے صحر ا میں 6 افراد پھنس گئے ہیں جن میں 4 غیر ملکی شامل ہیں ۔ 
میجر مسفر القرنی کے مطابق جہاں متاثرین پھنسے تھے وہ مقام کوسٹ گارڈ کے زونل دفتر سے 84 کلومیٹردور تھا ۔ متاثرین کی لوکیشن ٹریس کرنے کے بعد فوری طور پر مخصوص امدادی یونٹ کو متاثرہ مقام پر روانہ کیا گیا۔ امدادی یونٹ کے اہلکارو ںنے متاثرین سے رابطہ کر کے انکی صحت کے بارے میں معلومات حاصل کیں تاکہ اگر کسی قسم کی طبی امداد درکار ہو تو انہیں فراہم کی جاسکے ۔ 
خصوصی امدادی یونٹ کے اہلکارجی پی ایس کی مدد سے جلد متاثرین تک پہنچ گئے ۔ ریت میں پھنسی ہوئی گاڑیاں نکالیں اور انہیں پانی و دیگر اشیاءفراہم کیں ۔
میجر مسفر القرنی نے مزید کہا کہ ربع الخالی کا صحرا بہت بڑا اور خطرناک ہے یہا ں آنے والوں کو چاہئے کہ وہ مقررہ قواعد و ضوابط کا پورا خیال رکھیں تاکہ کسی قسم کی مشکل صورتحال کا سامنا نہ کرنا پڑا ۔کسی بھی مشکل حالت میں امدادکےلئے کوسٹ گارڈ کے مخصوص نمبر 994 پر رابطہ کیا جاسکتا ہے ۔ 
متاثرین نے کوسٹ گارڈ کے امدادی یونٹ کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ اہلکاروں نے بھر پور تعاون کرتے ہوئے انہیں اس مشکل سے نجات دلائی ۔ اہلکارو ں کی پیشہ ورانہ صلاحیت کے بارے میں ان لوگوں کا کہنا تھا کہ ہمیں انکی صلاحیت پر کسی قسم کا شک وشبہ نہیں تھا اوراس بات کا یقین تھا کہ جلد ہی ہمیں انکی مدد موصول ہو جائے گی ۔ 
ربع الخالی کہاں ہے
دنیا کا خطرناک اور دوسرا بڑا صحرا ربع الخالی سعودی عرب کے جنوب مشرقی میں واقع ہے ۔ اس کی سرحدیں 4 ممالک سے ملتی ہیں ۔ ان میں یمن، متحدہ عرب امارات ،عمان اور سعودی عرب شامل ہیں ۔صحرا کا سب سے بڑا حصہ سعودی عرب میں شامل ہے ۔ ربع الخالی کا رقبہ 4 لا کھ 30 ہزار مربع کلو میٹر ہے ۔ اس کی ریت انتہائی باریک ہے جو مسلسل حرکت کرتی رہتی ہے ۔ جس کی وجہ سے یہ خطرہ ہوتا ہے کہ راستہ بھٹکنے والا قافلہ یاافراد معمولی سے غفلت سے ریت میں دب جاتے ہیں ۔ یہ صحرا سردی کے موسم میں انتہائی سرد ہوتا ہے ۔ یہاں بارش نہ ہونے کے برابر ہے ۔ گرمیوں میں درجہ حرارت 60سینٹی گریڈ تک پہنچ جاتا ہے ۔ 
 

شیئر: