Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’آپ موٹر کار کے بغیر کیسے سفر کر سکتے ہیں‘

اس بات میں کوئی شک نہیں کہ دنیا کی سب سے قیمتی ایجاد پہیہ ہے جس کے ذریعے انسان ایک جگہ سے دوسری جگہ باآسانی سفر طے کر لیتا ہے۔ پہیہ کی ایجاد کے بعد وقت کے ساتھ ساتھ گاڑیوں کی خوبصورتی اور جدت میں بدلاؤ آیا ہے۔ نت نئی گاڑیوں اور ان کی سپیڈ سے لوگ محضوظ ہوتے ہیں۔ آج دنیا میں عالمی سطح پر گاڑیوں کی ریس کا بھی انعقاد کیا جاتا ہے جس میں مختلف ممالک کے ڈرائیورز اپنی گاڑیوں کے ساتھ ملک کی نمائندگی کرتے ہیں۔
موٹر ریس کا پہلا مقابلہ لی پٹیٹ جرنل نامی اخبار نے 22 جولائی 1894 کو روئن سے فرانس تک منعقد کروایا۔ دراصل اخبار کا اصل مقصد فرانس میں اس اخبار کو پھیلانا اور متعارف کروانا تھا جس کے لیے ریس جیتنے والوں کے لیےانعام کے طور پر اس وقت کی فرانسیسی کرنسی کے  10000 فرانک مقرر کیے گئے۔ پہلے نمبر پر آنے والے ڈرائیور کو 5000 فرانک، دوسرے نمبر پر آنے والے کو 2000 تیسرے کو 1500 اور چوتھے نمبر پر آنے والے کو 500 فرانک کی انعامی رقم دی گئی تھی ۔

ریس کا یہ مقابلہ چار دن تک جاری رہا جس میں 102 رجسٹرڈ گاڑیوں میں سے 21 نے حصہ لیا۔ صرف 15 گاڑیاں ٹریک کی اختتامی لائن تک پہنچنے میں کامیاب رہیں اور نو گاڑیاں انجن اور باڈی کے ساتھ سلامت تھیں۔ گاڑیوں کی اس نمائش اور ریس کو دیکھنےکے لیے بڑی تعداد میں لوگوں نے شرکت کی۔ ریس کا ٹریک 126 کلومیٹر تک رکھا گیا تھا جس کے اطراف میں اخبار لی پٹیٹ نے اشتہارات اور پٹرول کے لیے کیمپ لگا رکھے تھے۔

ریس ٹریک کو سب سے پہلے عبور کرنے والے ڈرائیور لی کومٹ ڈی ڈیون تھے جنھوں نے 12 کلو میٹر فی گھنٹی کی رفتار سے چھ گھنٹے 48 منٹ میں یہ فاصلہ طے کیا تھا مگر انکی سٹیم انجن والی گاڑی سٹوکر کے بغیرتھی اور ریس کے بعد کار کی حالت بری ہو گئی تھی۔ ریس کے قانون کے مطابق ایسی گاڑی ریس کا حصہ نہیں بن سکتی تھی بس یہی وجہ تھی کہ اس قانون کی پاسداری نہ کرنے پر اخبار کی انتظامیہ نےان کو دوسرا نمبردیا۔ ریس کے پہلے نمبر کی انعامی رقم 5000 فرانک البرٹ لیمائٹر نے حاصل کی تھی انھوں نے پیگیوٹ گاڑی پر 126 کلو میٹر کا فاصلہ 19 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے طے کیا تھا۔ ویسے تو 1810 سے پیگیوٹ گاڑیاں بنا رہی تھی مگر اس ریس کو جیتنے کے بعد سے پیگیوٹ گاڑی کو دنیا بھر میں پزیرائی ملی اور آج بھی ان کی رفتار اورمینوفیکچرنگ دنیا بھر میں مشہور ہے۔
اس ایونٹ کے بعد اگلے ہی روز لی پٹیٹ جرنل اخبار نے ہیڈ لائن ایسی لگائی جس کے بعد گاڑیوں کے ساتھ ساتھ ریس کا رجحان بڑھتا ہی چلا گیا اور آج بھی جب کسی جگہ ریس کا انعقاد کیا جاتا ہے تو لی پٹیٹ اخبار کا نام افتتاحی تقریب میں ضرور لیا جاتا ہے۔
اس اخبار کی ہیڈ لائن تھی:  
’آپ موٹر کار کے بغیر کیسے سفر کر سکتے ہیں؟‘

شیئر: