وراٹ کوہلی بمقابلہ بابر اعظم، سال 2025 میں کس کی کارکردگی بہتر رہی؟
وراٹ کوہلی بمقابلہ بابر اعظم، سال 2025 میں کس کی کارکردگی بہتر رہی؟
جمعرات 1 جنوری 2026 17:02
ایک روزہ میچز کے دوران بابر اعظم نے 17 اننگز میں 544 رنز بنائے۔ فائل فوٹو: اے ایف پی
بین الاقوامی کرکٹ میں کھلاڑی اب مختلف فارمیٹس میں اپنی ترجیحات کو بدلتے رہتے ہیں اور سنہ 2025 میں بھی کرکٹر نے اس حوالے سے مختلف فیصلے کیے۔
ہندوستان ٹائمز کی ایک رپورٹ کے مطابق عالمی کرکٹ کے دو بڑے کھلاڑیوں وراٹ کوہلی اور بابر اعظم کے لیے کھیل کے میدان میں گزشتہ سال کچھ الگ ہی انداز میں گزرا۔
جب یہ کہا جاتا ہے کہ گزشتہ سال کس کے لیے بہتر رہا تو یہ صرف رنز کی تعداد کے بارے میں نہیں ہوتا۔ یہ معیار، سیاق و سباق، اور میچ کی صورتحال کے مطابق کھیلنے کے سوال کو بھی لیے ہوتا ہے۔
دونوں کھلاڑیوں کی سنہ 2025 میں کارکردگی جانچنے کے لیے الگ عینک استعمال کرنا ضروری ہے کیونکہ یہ بڑے کھلاڑی الگ الگ فارمیٹ میں کھیلتے دکھائی دیے۔
کوہلی کا گزشتہ سال ون ڈے میں بہت اچھی کارکردگی کے ساتھ اختتام پذیر ہوا جن میں سے کچھ ٹیسٹ اننگز بھی شامل تھیں، جبکہ بابر اعظم کو پاکستان کے لیے تمام فارمیٹس میں کھیلنے کا بوجھ اُٹھانا پڑا۔
وراٹ کوہلی بمقابلہ بابر اعظم: سنہ 2025 کا سکورکارڈ
اس جائزے کو اعداد وشمار کے ساتھ شروع کرتے ہیں۔
وراٹ کوہلی نے 13 ایک روزہ اننگز میں 65 کی اوسط سے 651 رنز بنائے۔ اُن کا سٹرائیک ریٹ 96 سے زیادہ رہا۔
ون ڈے میں وراٹ کوہلی نے گزشتہ برس تین سینچریاں، چار نصف سینچریاں بنائیں۔ اور اُن کی سب سے بڑی اننگز 135 رنز کی رہی۔
گزشتہ برس انڈیا کے مایہ ناز بلے باز نے صرف ایک ٹیسٹ میچ کھیلا جس کی دو اننگز میں ساڑھے گیارہ کی اوسط سے 23 رنز سکور کیے اور 17 اُن کی سب سے بڑی اننگز رہی۔
جون 2024 میں ٹی20 انٹرنیشنل سے ریٹائرمنٹ کے باعث گزشتہ برس وراٹ کوہلی اس فارمیٹ میں نظر نہیں آئے۔
کوہلی گزشتہ سال مئی میں ٹیسٹ کرکٹ سے بھی ریٹائرمنٹ لے چکے ہیں جس کی وجہ سے اُنہوں نے صرف ایک میچ کھیلا۔
ٹی20 انٹرنیشنل میں بابر اعظم نے آٹھ اننگز میں 206 رنز سکور کیے۔ فائل فوٹو: اے ایف پی
بابر اعظم
پاکستان کے سٹار بلے باز بابر اعظم نے گزشتہ برس ٹیسٹ میچز کی 10 اننگز میں 315 رنز سکور کیے۔ اُن کی سب سے بڑی اننگز 81 رنز کی رہی۔
ٹیسٹ میچز میں اُن کی اوسط ساڑھے 31 رنز کی رہی۔ سٹرائیک ریٹ 54 جبکہ صرف تین نصف سینچریاں سکور کر سکے۔
ایک روزہ میچز کے دوران بابر اعظم نے 17 اننگز میں 544 رنز بنائے۔ اُن کی اوسط 34 جبکہ سٹرائیک ریٹ 77 سے زیادہ رہا۔ ون ڈے میں بابر اعظم نے گزشتہ برس ایک سینچری اور تین نصف سینچریاں سکور کیں۔
ٹی20 انٹرنیشنل میں بابر اعظم نے آٹھ اننگز میں 206 رنز سکور کیے۔ اُن کی اوسط 34 سے زیادہ رہی جبکہ سٹرائیک ریٹ 114 رہا۔ وہ دو نصف سینچریاں بنا سکے۔
رنز اور معیار کا موازنہ
اگر سال میں بین الاقوامی رنز کو دیکھا جائے تو بابر اعظم نے تینوں فارمیٹس میں 1065 رنز سکور کیے جبکہ وراٹ کوہلی نے 674 رنز بنائے۔ مگر معیار کو دیکھا جائے تو کوہلی کی ون ڈے اوسط گزشتہ برس 65 رنز رہی جو بہترین سے بھی زیادہ ہے۔