شاہین آفریدی بِگ بیش لیگ چھوڑ کر پاکستان واپس روانہ
منگل 30 دسمبر 2025 14:25
سوشل ڈیسک -اردو نیوز
یہ شاہین شاہ آفریدی کا بگ بیش لیگ میں پہلا سیزن تھا۔ (فوٹو: گیٹی ایمجز)
پاکستان کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی گھٹنے کی انجری کا شکار ہونے کے بعد بگ بیش لیگ (بی بی ایل) سے باہر ہو گئے ہیں۔
آسٹریلیا میں کھیلی جا رہی بی بی ایل میں شاہین شاہ برسبین ہیٹ ٹیم کا حصہ تھے اور منگل کے روز میچ کے دوران انجری کا شکار ہوئے۔
اس صورتحال کے پیش نظر پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے انہیں بحالی (ری ہیب) کے لیے آسٹریلیا سے واپس بلا لیا ہے، تاکہ فروری مارچ میں انڈیا اور سری لنکا میں ہونے والے ٹی20 ورلڈ کپ کو مدنظر رکھا جا سکے۔
برسبین ہیٹ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ آفریدی کا 'ایڈیلیڈ سے ٹیم کی واپسی پر مزید جائزہ لیا جائے گا'۔ ہیٹ بدھ کو ایڈیلیڈ میں ایڈیلیڈ سٹرائیکرز کے خلاف اپنا اگلا میچ کھیلیں گے، جس کے بعد آفریدی کی پاکستان واپسی متوقع ہے۔
شاہین آفریدی نے سوشل میڈیا پر لکھا، 'میں برسبین ہیٹ کی ٹیم اور مداحوں کا بے حد شکر گزار ہوں جنہوں نے مجھے بھرپور محبت اور حمایت دی۔ ایک غیر متوقع انجری کے باعث پی سی بی نے مجھے واپس بلا لیا ہے اور اب مجھے ری ہیب کرنا ہوگی۔ امید ہے جلد دوبارہ میدان میں واپسی ہوگی۔ اس دوران میں اس شاندار ٹیم کے لیے دل سے دعا گو رہوں گا۔'
برسبین ہیٹ کو انجریز کا شکار ٹام السوپ اور نیتھن مک سوینی کی صورتحال بہتر ہونے کا بھی انتظار ہے، تاہم دونوں کھلاڑی دوبارہ ٹریننگ شروع کر چکے ہیں۔
واضح رہے یہ شاہین آفریدی کا بی بی ایل میں پہلا سیزن تھا، جہاں وہ بابراعظم، محمد رضوان اور حارث رؤف سمیت پاکستانی کرکٹرز کے مضبوط گروپ کا حصہ تھے۔ تاہم وہ صرف چار میچ کھیل سکے اور کارکردگی بھی خاص متاثر کن نہ رہی۔
اس کے علاوہ، ہیٹ کے لیے اپنے پہلے ہی میچ میں آفریدی کو خطرناک باؤلنگ قرار دیے جانے پر بولنگ اٹیک سے ہٹا دیا گیا تھا، جب انہوں نے میلبرن رینیگیڈز کی اننگز کے 18ویں اوور میں ٹم سیفرٹ اور اولیور پیک کو دو کمر کی اونچائی کے برابر فل ٹاس بولز کروائیں۔
