Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

'ایسا لگ رہاہے جیسے میں ورلڈ کپ جیت کر آیا ہوں'

'نہ کبھی کسی کے سامنے جھکا ہوں اور نہ اپنی قوم کو کسی کے سامنے جھکنے دوں گا'(فوٹو: اے ایف پی)
وزیر اعظم عمران خان امریکہ کے دورے کے بعد بدھ کو رات گئےوطن واپس پہنچ گئے۔ اسلام آبا د ائیر پورٹ پر تحریک انصاف کے رہنماﺅ ں اور کارکنوں کی بڑی تعداد نے ان کا پر تپاک استقبال کیا۔
وزیر اعظم نے استقبال کے لئے آئے ہوئے کارکنوں سے خطاب میں کہا کہ’ آج ایسا لگ رہاہے جیسے میں باہر کے دورے سے نہیں آیا، ورلڈ کپ جیت کر آ رہا ہوں‘۔
مجھے بڑی خوشی ہے کہ رات کے اس پہر آکر آپ نے مجھے عزت دی۔ میں آپ کا شکر گزار ہوں۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ میرے پاکستانیوں، ایک چیز یاد رکھو ،اللہ نے 27 رمضا ن المبارک کو پاکستان بنایا تھا ۔یہ خاص ملک ہے۔ پاکستان وہ واحد ملک ہے جو اسلام کے نام پر بنا تھا۔
’میں یہ چاہتا ہوں کہ آپ اس چیز کو سمجھیں کہ ہمیں ایک قوم بننا ہے۔ ہمیں وہ ملک بننا ہے جو علامہ اقبال اور قائداعظم کاخواب تھا‘۔
 وزیر اعظم کا کہنا تھا ’ بار بار ایک اور چیز کہتا ہوں، ’ نہ کبھی کسی کے سامنے جھکا ہوں اور نہ اپنی قوم کو کسی کے سامنے جھکنے دینا ہے‘۔ ہم نے خود دار قوم بننا ہے،جو بھی قوم کھڑی ہوئی ہے وہ بھیک مانگ کراور لوگوں کے سامنے ہاتھ پھیلا کر بڑی قوم نہیں بنی اور نہ ہی کسی طاقتور قوم کے سامنے جھک کر ۔
 عمران خان نے مزید کہا کہ پاکستان کو مشکل حالات میں یہ ڈاکو چھوڑ کر گئے تھے ، اب ہمیں اصلاحات کرنی ہیں ۔ اس ملک میں ادارے ٹھیک کرنا ہیں ۔ اسی ملک سے پیسے اکھٹا کریں گے اور اسے اپنے پاﺅں پر کھڑا کریں گے ۔ پیسہ اکھٹا کرکے انپے بچوں کو پڑھائیں گے ،نوجوانوں کو روزگار دلائیں گے، اسپتال بنائیں گے، پینے کا صاف پانی دیں گے ۔

انہوں نے کہا کہ یاد رکھنا دنیا صرف اسی کی عزت کرتی ہے جو اپنی عزت کراتا ہے لیکن دنیا ان کی عزت نہیں کرتی جو سب کے سامنے ہاتھ پھیلاتے یا جھکتے ہیں ۔ہمیں اس ملک کو اوپر لے کر جانا ہے۔ اگر ڈاکو اس ملک پر حکومت نہ کرتے توپاکستان ایک عظیم ملک بن چکا ہوتا۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ ایک سال پہلے اس قوم نے الیکشن جتوایا اور تحریک انصاف کو اقتدار دیا تھا آپ سے وعدہ کرتا ہوں کبھی آپ کو مایوس نہیں کروں گا،ایک سال ملک سنبھالنے میں لگا ہے۔
’یہ قوم اس وقت تک آگے نہیں بڑھے گی جب تک ملک کو بینک کرپٹ اور مقروض کرنے والوں کا احتساب نہیں کریں گے ،انہیں جیلوں میں نہیں ڈالیں گے‘۔ 
وزیراعظم نے آخر میں کہا کہ’ پاکستان ایک عظیم ملک بنے گا،ہر پاکستانی جب ہرا پاسپورٹ لے کردنیا میں نکلے گا تو دنیا آپ کی عزت کرے گی‘۔

عمران خان کا دوحہ میں مختصر قیام 
 سرکاری خبر رساں ایجنسی کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے امریکہ سے واپسی پر دوحہ میں مختصر قیام کیا۔ قطر کے وزیراعظم شیخ عبداللہ بن نصر بن خلیفہ الثانی اور پاکستان کے سفیر سید احسن رضا شاہ نے خیرمقدم کیا۔بعد ازاں دونوں وزرائے اعظم نے دوطرفہ تعلقات سے متعلق امور پر تفصیلی ملاقات کی۔ وزیراعظم نے امیر قطر کے حالیہ دورہ پاکستان کا ذکر کیا اور اقتصادی تعاون پر قطر کا شکریہ ادا کیا۔ 

شیئر: