وزیراعظم شہباز شریف ورلڈ اکنامک فورم میں شرکت کے لیے ڈیووس روانہ
وزیراعظم شہباز شریف آج سے 22 جنوری تک ڈیووس میں ورلڈ اکنامک فورم کی سالانہ اجلاس میں شرکت کے لیے سوئٹزرلینڈ روانہ ہو گئے ہیں۔
پاکستان کے دفتر خارجہ کے مطابق نائب وزیراعظم اسحاق ڈار سمیت اعلٰی سطح کا ایک وفد بھی وزیراعظم کے ہمراہ ہیں۔
وزیراعظم ورلڈ اکنامک فورم میں ’منقسم دنیا میں مکالمے کی روح کی بحالی‘ کے عنوان سے منعقدہ عالمی اقتصادی رہنماؤں کے اجلاس میں شریک ہوں گے۔
وزیراعظم مختلف کارپوریٹ رہنماؤں کے ساتھ پاکستان کے حوالے سے اعلیٰ سطح کے ’بزنس راؤنڈ ٹیبل‘ کی بھی صدارت کریں گے۔
وزیراعظم شہباز شریف کی مختلف عالمی رہنماؤں اور کاروباری شخصیات سے ملاقاتیں بھی شیڈول میں شامل ہیں۔
دورے کے دوران وزیراعظم عالمی و علاقائی امن اور ترقی کے حوالے سے پاکستان کے مؤقف کے ساتھ ساتھ، معیشت، تجارت اور سرمایہ کاری کے شعبوں میں دستیاب مواقع اور حکومت پاکستان کے وژن اور کامیابیوں کو اجاگر کریں گے۔
ورلڈ اکنامک فورم کا سالانہ اجلاس سیاسی قائدین، کاروباری رہنماؤں، بین الاقوامی اداروں کے سربراہان اور سول سوسائٹی کے نمائندوں کو مل بیٹھنے کا موقع فراہم کرتا ہے۔
یہ فورم جغرافیائی، سیاسی، معاشی، سماجی اور ماحولیاتی امور پر غور و خوض کے لیے بھی انتہائی اہم گردانا جاتا ہے۔