Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

حوثی باغیوں کا جازان پر ڈرون حملہ

سعودی عرب کے سرحدی شہر جازان پر کیے گئے حوثیوں کے ڈرون حملے کو اتحادی افواج نے ناکام بنایا۔ فوٹو اے ایف پی
یمن کے حوثی باغیوں کے خلاف قائم عسکری اتحاد کے ترجمان کرنل ترکی المالکی نے کہا ہے کہ حوثی باغیوں کی جانب سے جمعہ کی صبح سعودی عرب کے سرحدی شہر جازان پر ڈرون سے حملہ کیا گیا جسے ناکام بنا دیا گیا ۔
سعودی خبر رساں ایجنسی نے کرنل ترکی المالکی کے حوالے سے لکھا ہے کہ ایران نواز حوثی باغیوں کی جانب سے مسلسل سرحدی خلاف ورزیاں کی جارہی ہیں۔
چوبیس گھنٹے میں یہ دوسرا حملہ ہے جسے اتحادی افواج نے ناکام بنایا ہے۔ جمعرات کی شب بھی حوثی باغیوں کی جانب سے سعودی عرب کی جانب ڈرون بھیجا گیا تھا جسے اتحادی فورسز نے ناکام بناتے ہوئے ان کا ڈرون یمن کی سرحد میں ہی تباہ کر دیا تھا۔ آج جمعہ کی صبح دوسرا ڈرون حملہ کیا گیا جسے ناکام بنادیا گیا ہے۔
کرنل المالکی نے مزید کہا کہ ایران نواز حوثی باغیو ں کی جانب سے مسلسل بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی کا عمل جاری ہے۔ انہوں نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ اس کا سخت نوٹس لے۔  ان کا کہنا تھا کہ حوثیوں کی جانب سے مسلسل ڈرون اٹیک اس بات کی واضح دلیل ہے کہ انہیں ایران کی مسلسل حمایت حاصل ہے۔ ایران کی جانب سے باغیوں کو اسلحہ اور ڈرون فراہم کرنا بھی عالمی قوانین کی صریخ خلاف ورزی کے مترادف ہے۔
کرنل المالکی نے مزید کہا ایران نواز حوثی باغیوں کی جانب سے کیے گئے حملوں کو ہر طرح سے ناکام بنایا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ اتحادی فوج سعودی عرب اور خطے کے حفاظت کیلئے مستعد ہے ۔

شیئر: