Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ایوانکا پاکستانی خواتین کو بااختیار بنانے کی خواہش مند

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی بیٹی ایوانکا ٹرمپ نے پاکستان میں خواتین کو بااختیار بنانے کے لیے تعاون کی پیشکش کی ہے۔
منسٹری آف اوورسیز پاکستانیز اینڈ ہیومن ریسورس ڈویلپمنٹ کے مطابق ایوانکا ٹرمپ نے اس خواہش کا اظہار وزیراعظم کے معاون خصوصی زلفی بخاری کے ساتھ ملاقات میں کیا۔
بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی وزارت کا کہنا ہے کہ ’ایوانکا ٹرمپ پاکستان میں خواتین کی فلاح و بہبود کے لیے پاکستان میں منصوبے شروع کرنے کی خواہش رکھتی ہیں۔‘
امریکی صدر کی بیٹی اور مشیر خاص ایوانکا ٹرمپ کی وزیراعظم کے معاون خصوصی زلفی بخاری کے ساتھ ملاقات میں روزگار کی فراہمی،ووکیشنل ٹریننگ اور معاشی ترقی کے منصوبوں پر بات چیت ہوئی۔

اس ملاقات میں روزگار،ووکیشنل ٹریننگ اور معاشی ترقی کے منصوبوں پر بات چیت ہوئی(فوٹو:وزارت اوورسیز)

اس ملاقات میں نوجوانوں کے لیے کاروبار کے مواقع پر بھی بات ہوئی۔
وزیراعظم کے معاون خصوصی زلفی بخاری کا کہنا ہے کہ پاکستان اور امریکہ کے مشترکہ تعاون سے انسانی ترقی کے مواقع پیدا ہوں گے۔
انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ آئندہ چند ماہ میں پاکستان اور امریکہ کے سفارتی محاذ پر مزید کامیابیاں ملیں گی۔

ایوانکا ٹرمپ نے اپنی خواہش کا اظہار وزیراعظم عمران خان کے حالیہ دورے کے بعد کیا ہے، اس دورے کے بعد دونوں ملکوں میں تعلقات بحال ہوئے ہیں۔
امریکہ نے سنیچر کو پاکستان کے ایف 16 جہازوں کے لیے ساڑھے بارہ کروڑ ڈالرز امداد کی منظوری بھی دی ہے۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی بیٹی ایوانکا ٹرمپ دنیا بھر کی خواتین کو بااختیار بنانے کے لیے مختلف پروجیکٹس چلا رہی ہیں۔
گذشتہ فروری کو انڈیا کے دورے کے موقع پر ایوانکا ٹرمپ نے امریکی انتظامیہ کی جانب سے انڈین خواتین کو بااختیار بنانے کے لیے دو پروجیکٹس کا اعلان کیا تھا۔
ایوانکا ٹرمپ نے جون کے مہینے میں جی 20 سربراہی سمٹ کے موقع پر کہا تھا ’ ہم خواتین کو بااختیار بنائیں گے کہ وہ اپنے خاندانوں کو غربت سے نکالے اور اپنے ملک کی معیشت میں اپنا کردار ادا کر سکیں۔‘

شیئر: