Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

خاندانی شفا خانے سے سوناکشی سنہا کا کیا تعلق؟

انڈیا میں اس کا ذکر کوئی نہیں کرتا لیکن ایک زمانے میں اس کا اشتہار جلی حروف میں جگہ جگہ نظر آتا تھا۔ اب اس کی جگہ حکیموں کے نام نظر آتے ہیں جو پوشیدہ امراض کے ماہرین لکھے جاتے ہیں۔
لیکن بالی وڈ اداکارہ سوناکشی سنہا کا اس سے کیا لینا دینا۔ بھئی بات یہ ہے کہ وہ ’خاندانی شفاخانہ‘ نامی فلم میں مرکزی کردار ادا کر رہی ہیں اور وہ فلم جمعے کے روز ریلیز ہو رہی ہے۔
 

سوناکشی سنہا 'خاندانی شفاخانہ' فلم میں مرکزی کردار ادا کر رہی ہیں ۔ فوٹو اے ایف پی

فلم میں ایک پانچ چھ سال کی لڑکی کے ماما جی خاندانی حکیم ہیں لیکن ان کا کاروبار ٹھیک سے چلتا نہیں ہے۔ گھر کے معاشی حالات خراب ہونے لگتے ہیں۔ پھر ایک دن جب وہ پانچ چھ سال کی بچی بڑی ہوتی ہے تو اس دکان کی ذمہ داری اس پر عائد ہوتی ہے۔
وہ سناکشی سنہا ہیں جو ببیتا یا بی بے بیدی کا کردار ادا کر رہی ہیں۔ وہ بالی وڈ کے انداز میں یہ بیڑہ اٹھاتی ہیں کہ اپنے اہل خانہ کو اس مالی مشکلات سے نکالیں۔ وہ خاندانی شفاخانہ کی ذمہ داری اٹھاتی ہیں اور لوگوں کے طعنہ تشنیع کا کچھ خیال کیے بغیر اپنے دبنگ انداز میں اس ممنوع دنیا میں کامیابی حاصل کرتی ہیں۔

خاندانی شفا خانہ میں کچھ مکالمے برجستہ ہیں۔ فوٹو ٹوئٹر

سارے فلم مبصرین نے ایک زبان سوناکشی سنہا کی اداکاری کی تعریف کی ہے اور کہا کہ سنہ 2010 میں فلموں میں قدم رکھنے والی سوناکشی نے اس فلم سے ثابت کردیا ہے کہ ان میں کتنی صلاحیت ہے اور وہ ان نو برسوں میں کتنی نکھری ہیں۔
سوناکشی اور سلمان خان کی جوڑی نے فلم دبنگ کی فلموں میں اچھی کیمسٹری دکھائی ہے لیکن  سلمان کی فلم میں اداکارہ کے لیے بہت کچھ نہیں ہوتا۔ ان کا صرف ایک ہی مکالمہ ہٹ ہوا تھا ’صاحب تھپڑ سے نہیں، پیار سے ڈر لگتا ہے۔‘
خاندانی شفا خانہ میں بھی کچھ مکالمے برجستہ ہیں۔ ان کی فلم ’اکیرا‘ میں انھوں نے بالی وڈ فارمولہ فلم سے ہٹ کر کردار نبھایا تھا اور ان کی اداکاری کو سراہا بھی گیا تھا۔
خاندانی شفا خانہ کی ہدایت شلپی داس گپتا نے کی ہے اور یہ ان کی پہلی فلم ہے۔ جبکہ اس کا سکرین پلے گوتم مہرہ نے لکھا ہے۔

شیئر: