Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’اب آپ کمنٹ پر کسی کی روزی چھینیں گی؟‘

مومنہ درید نے سینیئر اداکار فردوس جمال کے ساتھ آئندہ کام نہ کرنے کا اعلان کردیا۔ (فوٹو: ٹویٹر)
سوشل میڈیا پر آئے روز کوئی نہ کوئی معاملہ زیر بحث رہتا ہے، کوئی موضوع صارفین کے ہاتھ لگنے کی دیر ہوتی ہے بس پھر جھٹ سے اس پر ٹرینڈ بننے لگتے ہیں اور ٹویٹس کا تانتا بندھ جاتا ہے۔ پھر کچھ ہی دن بعد معاملہ ٹھنڈا ہو جاتا ہے جس کے بعد سوشل میڈیا صارفین کو بحث کے لیے نیا موضوع مل جاتا ہے۔
لیکن اس بار تو لگتا ہے کہ سوشل میڈیا صارفین کو’فردوس جمال بمقابلہ ماہرہ خان‘ کے علاوہ کچھ سوجھ ہی نہیں رہا۔ پہلے تو سینیئر اداکار فردوس جمال کے ماہرہ خان پر ایکٹنگ اور ان کی عمر سے متعلق بیان پر کافی ہنگامہ رہا پھر اس معاملے نے نئی بحث کو جنم دے دیا اور ٹویٹر پر ماہرہ خان اور صبا قمر کے درمیان موازنہ شروع ہو گیا لیکن بات یہیں نہیں رکی بلکہ اب تو اس معاملے نے مزید طول پکڑ لیا ہے۔
ماہرہ خان کے خلاف متنازع بیان دینے پر ایک پروڈکشن ہاؤس کی مالک مومنہ درید نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر سینیئر اداکار فردوس جمال کے ساتھ آئندہ کام نہ کرنے کا اعلان کیا ہے جس کے بعد ٹویٹر صارفین نے ایک بار پھر محاذ سنبھال لیا۔ کچھ صارفین کی جانب سے مومنہ کے اس فیصلے کو سراہا جا رہا ہے تو کچھ پروڈیوسر کو تنقید کا نشانہ بنا رہے ہیں۔

سب سے پہلے تو فردوس جمال کے صاحبزادے حمزہ فردوس اپنے والد کی حمایت میں سامنے آئے اور اپنی ایک ٹویٹ میں مومنہ درید کے اس اقدام کو غیر مہذب قرار دیا۔

 

حمزہ فردوس کی اس ٹویٹ کے بعد ٹویٹر پر ’سپورٹ فردوس جمال ٹرینڈ بن گیا جبکہ ’مومنہ درید‘ کے نام سے بھی ٹرینڈ چل رہا ہے جس پر صارفین اپنے خیالات کا بھرپور اظہار کر رہے ہیں۔
مریم اشفاق نامی صارف نے لکھا کہ ’فردوس جمال سے رائے دینے کے لیے کہا گیا تھا جیسا کہ روزانہ مشہور شخصیات اپنی رائے کا اظہار کرتی ہیں جو متنازع بھی ہوتی ہیں لیکن مومنہ درید کی جانب سے ایک رائے پر ایسا ردعمل غیر منصفانہ ہے۔‘
ایک اور صارف مالا احمد نے لکھا کہ ’مومنہ درید کو اپنے اس فیصلے پر شرمندہ ہونا چاہیے۔ ماہرہ خان نے ’ہمسفر‘ کے علاوہ ڈرامہ انڈسٹری کو کچھ نہیں دیا جبکہ فردوس جمال ایک لیجنڈ ہیں۔‘

 

ایم زینب کے نام سے ٹویٹر ہینڈل نے لکھا کہ ’اب کوئی اپنی رائے بھی نہیں دے سکتا؟ صبح شام تعریفیں کرتے رہو ماہرہ کی تب کام دیں گے یہ لیجنڈز کو؟ اتنی چھوٹی حرکت؟‘
عشرت اشرف نامی صارف نے لکھا کہ’مومنہ درید صاحبہ! فردوس جمال دوسرے میڈیا ہاؤسز کے ساتھ کام کر سکتے ہیں لیکن آپ کو کوئی دوسرا فردوس جمال کبھی نہیں ملے گا۔‘
مس پوم پوم کے نام سے ٹویٹر ہینڈل نے لکھا کہ ’ڈرامے سارے عورت بیزار بناتی ہیں اور ایک کمنٹ پر کسی کی روزی روٹی چھینیں گی۔‘
جہاں صارفین مومنہ درید پر گرج برس رہے ہیں وہیں کچھ ایسے بھی ہیں جو ان کے اس اقدام کی حمایت بھی کررہے ہیں۔
کنزہ طاہر نامی صارف نے لکھا کہ ’مومنہ درید کا فردوس جمال پر پابندی کا فیصلہ ایک متحمل مزاج معاشرے کے قیام کی جانب ایک بہتر قدم ہے۔ یہ ان تمام اداکاروں کے لیے ایک پیغام ہے کہ کیسے اس حد سے تجاوز نہیں کرنا جس کی نشاندہی مومنہ نے کی ہے۔‘
ایک اور صارف محمد فیضان نجیب نے لکھا کہ ’آپ آزادی اظہار رائے کے نام پر کسی کا مذاق نہیں اڑا سکتے، ایک حد ہونی چاہیے خصوصاً اس وقت جب آپ ٹی وی چینل پر بیٹھے ہوں اور ایک ایسے جونیئر کے لیے بات کررہے ہوں جس کی فلم ابھی ریلیز ہونے والی ہو۔‘
واضح رہے کہ اداکارہ ماہرہ خان کی مومنہ درید کی پروڈکشن میں بننے والی فلم ’سپر سٹار‘ عیدالاضحیٰ پر ریلیز ہورہی ہے۔
 

شیئر: