Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

روسی صدر پوٹین کے دورہ سعودی عرب کی تیاری، ایجنڈا کیا ہوگا؟

سعودی وزیر توانائی خالد الفالح ایجنڈا طے کرنے ماسکو پہنچ گئے ۔
روسی صدرولادیمیر پوٹین کے دورہ سعودی عرب کے حوالے سے دونوں ملکوں کے حکام غیر معمولی دلچسپی لے رہے ہیں ۔ دورے کی تیاریاں زور وشورسے کی جانے لگی ہیں۔
آرٹی کے مطابق سعودی وزیر توانائی خالد الفالح روسی صدر کے دورہ سعودی کا ایجنڈاطے کرنے کےلئے ماسکو پہنچ گئے ۔ روسی ہم منصب ایلگزینڈرنووک سے جمعہ کو ماسکو میں مذاکرات کئے۔ روسی صدر کے دورہ مملکت کا ایجنڈا زیر بحث آیا ۔ 
روس کے وزیر توانائی نے مذاکرات کے دوران کہا کہ’ ہمارا مقصد دورہ کی تیاری سے متعلق امور نمٹانا ، دونوں ملکوں کے درمیان تعاون کے شعبوں کی بابت معاملات طے کرنا اور روسی صدر کے دورہ سعودی عرب کے موقع پر فریقین کے درمیان طے پانیوالے معاہدوںکے متن تیار کرنا ہے ‘۔
روسی وزیر توانائی نے صدر پوٹین کے دورہ سعودی عرب کی اہمیت اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ سعودی فرمانروا نے 2017ءمیں روس کا تاریخی دورہ کیا تھا جس سے دونوں ملکوں کے تعلقات کو جدید خطوط پر استوار کرنے کی راہ ہموار ہوئی۔شاہ سلمان کے دورے نے دوطرفہ تعلقات کے فروغ کو نئی زندگی دی۔گزشتہ برسوں کے دوران دونوں ملکوں کے تعلقات میں غیر معمولی تبدیلی آئی ہے ۔
 سعودی عرب اور روس نے مشترکہ منصوبوں کی فنڈنگ کےلئے 10ارب ڈالر کا فنڈ قائم کیا ہے ۔دونوں نے تجارتی لین دین میں اضافے کا فیصلہ کیا ہے ۔
توقع یہ ہے کہ اگلے عشرے میں دونوں ملک 10ارب ڈالر کا کاروبار کریں گے ۔
عر ب میڈیا کے مطابق روس کے نئے وزیر خارجہ میخائل بوگدانوف نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ صدر پوٹین کے دورہ سعودی عرب کی تیاری کے حوالے سے کام ہو رہا ہے، یہ کام ایوان صدر کر رہاہے ۔
مبصرین روسی صدر کے دورہ سعودی عرب کو بین الاقوامی منظر نامے کے حوالے سے غیر معمولی اہمیت کا حامل قرا ر دے رہے ہیں۔دونوں ملکوں کے درمیان علاقائی اور بین الاقوامی مسائل کی بابت نقطہ ہائے نظر میں مطابقت پائی جاتی ہے۔ کئی امور میں دونوں ممالک ایک دوسرے سے مختلف بھی ہیں۔
 واضح رہے کہ کریملن کے ترجمان نے اعلان تھا کہ روسی صدر2019 میں سعودی عرب کا دورہ کریں گے تاہم ابھی تاریخ کا تعین نہیں کیا گیا۔

شیئر: