Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

حج میں چندہ جمع کرنے کی اجازت نہیں 

سعودی عرب کے ادارہ  پراسیکیوشن جنرل کی جانب سے وضاحت کی گئی ہے کہ حج میں کسی قسم کا چندہ جمع  کرنا خلاف قانون شمار ہو گا ایسا کرنے والے قانون شکنی کے زمرے میں آتے ہیں۔ سعودی کابینہ کے قانون کے شق نمبر 8 کے مطابق حج ایام  یا حج سیزن کے دوران بیرون ملک یا مملکت میں رہنے والے کسی قسم کا چندہ خواہ وہ نقد رقم کی صورت میں ہویا دیگر قیمتی اشیا کی شکل میں بغیر اجازت جمع نہیں کرسکتے  اور نہ ہی انہیں اس قسم کی کسی  مہم میں شرکت کی اجازت ہے۔
پراسیکیوشن جنرل کا کہنا تھا کہ غیر قانونی طور پر چندہ جمع کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔ ایسا کرنے والوں کو قید اور جرمانے کا بھی سامنا کرنا پڑے گا ۔ فریضہ حج کے لیے آنے والے مکمل یکسوئی سے اپنا زیادہ سے زیادہ وقت عبادت الہی میں گزاریں اور خود کو کسی بھی طرح غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث نہ کریں۔
سعودی نیوز ویب سائٹ مزمز نیوز نے پراسیکیوشن جنرل کے حوالے سے مزید کہا ہے کہ قانون کے مطابق بیرون ملک سے آنے والے عازمین حج خود کو چندے کے حصول کے لیے کسی قسم کی معلوماتی یا ابلاغی مہم کا حصہ نہ بنائیں اور نہ ہی اس قسم کی کارروائیوں میں اپنے آپ کو مصروف کریں ۔ بیرون ملک سے آنے والے عازمین حج بڑے مقصد کے لیے مملکت آتے ہیں انہیں چاہیے کہ وہ اپنا زیادہ سے زیادہ وقت عبادت میں گزاریں۔
قانون کے مطابق وہ ادارے جنہیں چندہ جمع کرنے کی اجازت ہوتی ہے انہیں باقاعد لائسنس جاری کیاجاتا ہے۔ اجازت نامے کے بغیر کوئی بھی ادارہ یا فرد چندہ جمع کرنے یا اس حوالے سے لوگوں کو ترغیب دینے کا مجاز نہیں۔ واضح رہے مملکت میں اس بات کی سختی سے پابندی کی جاتی ہے کہ کوئی بھی ادارہ یا افراد قانون شکنی کے مرتکب نہ ہوں ۔ دنیا بھر سے آنے والے عازمین کو بھی چاہیے کہ وہ غیر قانونی سرگرمیوں میں خود کو ملوث نہ کریں تاکہ آرام سے اپنا فریضہ ادا کرسکیں۔

شیئر: